بڑھتی آبادی گھٹتاپانی، اجناس کی پیداوارکم ہوگئی

این این آئی  منگل 9 جولائی 2013
 پاکستان ان ممالک میں شامل ہونیوالا ہے،جہاں اشیائے خورونوش کی قلت کا خدشہ ہے،رپورٹ.  فوٹو: رائٹرز/ فائل

پاکستان ان ممالک میں شامل ہونیوالا ہے،جہاں اشیائے خورونوش کی قلت کا خدشہ ہے،رپورٹ. فوٹو: رائٹرز/ فائل

واشنگٹن:  مختلف ممالک میں پانی کے ذخائرخشک ہونے سے عالمی سطح پرخوراک کی فراہمی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔

ارتھ پالیسی انسٹی ٹیوٹ کے پالیسی پیپر میں کہاگیا ہے کہ امریکا ،مشرق وسطی، بھارت اور چین کے متعددعلاقوں میں کنویں خشک ہورہے ہیں اور زیرزمین پانی کی سطح گر رہی ہے،جس سے عالمی سطح پر خوراک کا بحران پیدا ہونے کاخدشہ ہے۔18 ممالک، جن کی آبادی دنیا کی مجموعی آبادی کا نصف ہے، میں پانی کا شدید بحران پیدا ہورہا ہے اور وہاں زیرکاشت رقبے میں ہرسال کمی آرہی ہے۔فی الحال سب سے زیادہ سنگین صورتحال مشرق وسطی میں ہے جہاں سعودی عرب، شام، عراق اور یمن میں پانی کے سوتے خشک ہورہے ہیں اور 2016 ء میں خود سعودی حکومت کا تخمینہ ہے کہ اسے 15 ملین ٹن گندم، چاول، مکئی اور دیگر اشیاء خورونوش درآمد کرنا پڑے گی۔

رپورٹ کے مطابق دنیا میں آبادی بڑھ رہی ہے اور پانی کے وسائل کم ہورہے ہیں،جس سے تاریخ میں پہلی بار اجناس کی پیداوار اہم خطوں میں کم ہوئی ہے اور اس میں اضافے کے آثار نظر نہیں آرہے۔رپورٹ میں انتباہ کیا گیا ہے کہ پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہونے والا ہے،جہاں آبپاشی کیلئے پانی دستیاب نہیں،جس کے باعث وہاں کاشتکاری متاثر ہونے اور اشیاء خورونوش کی قلت کا خدشہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔