مصر کےعبوری صدر کا 4 ماہ میں آئینی ترامیم پر ریفرنڈم اور آئندہ برس انتخابات کرانے کا اعلان

ویب ڈیسک  منگل 9 جولائی 2013
مصری فوج نے محمد مرسی کو برطرف کرکے چیف جسٹس عدلی منصور کو عبوری صدر مقرر کیا ہے. فوٹو: اے ایف پی

مصری فوج نے محمد مرسی کو برطرف کرکے چیف جسٹس عدلی منصور کو عبوری صدر مقرر کیا ہے. فوٹو: اے ایف پی

قاہرہ: مصر کے عبوری صدر عدلی منصور نے ملک کے آئین میں ترامیم کےلئے آئندہ چار ماہ میں ریفرنڈم اور آئندہ برس پارلیمانی انتخابات کا اعلان کیا ہے۔

 مصر کےعبوری صدر عدلی منصور کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق برطرف صدر محمد مرسی اور سابق پارلیمنٹ کی جانب سے تیار کئے گئے آئین میں ترامیم کی سفارشات کی تیاری کےلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ایک ہفتے میں کام شروع کردے گی جن پر چار ماہ میں عوامی ریفرنڈم کرایا جائے گا۔ آئین میں مناسب ترامیم کے دو ماہ بعد ہی ملک میں پارلیمانی انتخابات منعقد کرائے جائیں گے جس کے بعد صدارتی انتخاب کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

دوسری جانب گزشتہ روز جمہوری صدر کی برطرفی کے خلاف احتجاج کے دوران ہلاکتوں کے باوجود مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، اخوان المسلمون اور اس کی اتحادی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کے سلسلے کو دارالحکومت قاہرہ سے دیگر شہروں کی جانب بڑھانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے عوامی احتجاج پر مصر کی فوج نے صدر محمد مرسی کو برطرف کرتے ہوئے آئین کو معطل کردیا تھا جس کے بعد سے پرتشدد واقعات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔