رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا ، پہلا روزہ جمعرات کو ہوگا

ویب ڈیسک  منگل 9 جولائی 2013
محکمہ موسمیات نے بھی منگل کو رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کی پیش گوئی کی تھی۔ فوٹو: فائل

محکمہ موسمیات نے بھی منگل کو رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کی پیش گوئی کی تھی۔ فوٹو: فائل

کراچی: مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق ملک بھر میں کسی بھی جگہ رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا اس لئے پہلا روزہ بروز جمعرات 11 جولائی کو ہوگا دوسری جانب پشاور کی مسجد قاسم علی خان میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں بھی مرکزی کمیٹی کے فیصلے کو تسلیم کر لیا گیا۔

چیرمین مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں منعقد ہوا جس میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام نے شرکت کی، رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کو پاک بحریہ اور ماہرین موسمیات کی معاونت بھی حاصل تھی، اس کے علاوہ اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر صوبائی دارالحکومتوں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے جہاں سے مرکزی کمیٹی کو رویت ہلال کے سلسلے میں معاونت فراہم کی گئی۔

مرکزی کمیٹی کے اجلاس کے بعد چیرمین مفتی منیب الرحمن کا کہنا تھا کہ خیبرپختون خوا سمیت ملک کے کسی بھی حصے سے چاند کے حوالے سے کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کی وجہ سے ملک میں پہلا روزہ جمعرات 11 جولائی کو ہوگا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک اور مشرق بعید میں بھی گزشتہ روز رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا تھا جس کے باعث ان ممالک میں کل بروز بدھ یکم رمضان المبارک ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔