1700 میگاواٹ بجلی جلد نیشنل گرڈ اسٹیشن میں شامل ہوجائے گی، وزیراطلاعات پرویزرشید

ویب ڈیسک  منگل 9 جولائی 2013
 ایبٹ آباد کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ مصدقہ ہے تو اس بات کی تحقیقات ہونی چاہئے کہ یہ رپورٹ کس طرح منظرعام آئی، پرویز رشید. فوٹو آئی این پی

ایبٹ آباد کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ مصدقہ ہے تو اس بات کی تحقیقات ہونی چاہئے کہ یہ رپورٹ کس طرح منظرعام آئی، پرویز رشید. فوٹو آئی این پی

اسلام آباد:  وفاقی وزیر اطلاعات  پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت نے پاورکمپنیوں کو پیسے کی ادائیگیاں کردی ہیں جس کے بعد ان کمپنیوں نے یقین دہائی کرائی ہے کہ فوری طورپر 1700 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ اسٹیشن میں شامل کردی جائے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات  پرویز رشید نے کہا کہ حکومت بجلی کے بحران پر قابو پانے کی ہرممکن کوششیں کررہی ہے اسی سلسلے میں سرکلر ڈیٹ کی مد میں پاورکمپنیوں کو واجب الادا رقوم کی ادائیگیاں شروع کردی گئی ہیں جس کے بعد ان کمپنیوں نے حکومت کو یقین دہائی کرائی ہے کہ فوری طورپر نیشنل گرڈ اسٹیشن میں 1700میگاواٹ بجلی شامل کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ  عوام نے بہتر کارکردگی کی بنیاد پر ہمیں ووٹ دیئے اور جن لوگوں نے کارکردگی نہیں دکھائی ان کو سزا دی، مسلم لیگ(ن) چاہتی تو خیبرپختونخوا میں بھی اپنی حکومت بناسکتی تھی تاہم ہم نے ایسا نہیں کیا اورتحریک انصاف کو وہاں حکومت بنانے کا موقع فراہم کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ کی تحقیقات ہونی چاہئے اگریہ رپورٹ مصدقہ ہے تو اس چیزکی بھی تحقیق ہونی چاہئے کہ یہ کس طرح باہر آئی، ان کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنے دورہ پاکستان  کے دوران الطاف حسین کے معاملے پر کوئی بات نہیں کی، اگرڈیوڈ کیمرون  اس معاملے میں مداخلت کریں گے تو برطانوی پولیس انہیں بھی گرفتار کر سکتی ہے،وہاں کسی بھی شخص کو بچانا یا پھسانا کسی کے اختیار میں نہیں ہے۔

پرویزرشید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں شامل پرویز مشرف کے ساتھیوں نے ان سے قطع تعلق کر لیا ہے اب پرویز مشرف کو بچانے کے لئے کوئی نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف  کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوئی، ان کے خلاف  تمام مقدمات عدالتوں میں ہیں اور وہی ان کا فیصلہ کریں گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔