حکومت اور امن فاؤنڈیشن میں معاہدہ، مریضوں کیلیے مفت ایمبولینس سروس شروع

طفیل احمد  ہفتہ 29 دسمبر 2018
سندھ حکومت ایک سال کے لیے امن فاؤنڈیشن کو50کروڑروپے اداکرے گی،جنرل منیجر امن فاؤنڈیشن،خاقان سکندر

سندھ حکومت ایک سال کے لیے امن فاؤنڈیشن کو50کروڑروپے اداکرے گی،جنرل منیجر امن فاؤنڈیشن،خاقان سکندر

 کراچی: کراچی میں پہلی بار مریضوں کوگھر سے اسپتال لے جانے کیلیے مفت ایمبولینس سروس شروع کی جارہی ہے۔

مریضوں کو مفت ایمبولینس سروس کی فراہمی کیلیے حکومت سندھ نے امن فاؤنڈیشن سے ابتدائی طورپر9ماہ کا معاہدہ کرلیاہے، پہلے مرحلے میں امن فاؤنڈیشن کی60جان بچانے والی میڈیکل ایمبولینس مریضوں کو گھروں سے اسپتالوں میں منتقل کریں گی، دوسرے مرحلے میں 200میڈیکل ایمبولنسز کے ذریعے مریضوں کو بلامعاوضہ گھر سے اسپتال اور اسپتال سے گھر سے منتقل کیا جائے گا۔

حکومت سندھ کی جانب سے مفت ایمبولینس سروس پہلی بارمتعارف کرائی گئی ہے،امن فاؤنڈیشن کے جنرل منیجر خاقان سکندر نے ایکسپریس کو بتایا کہ حکومت سندھ کے اشتراک سے کراچی اور اندرون سندھ میں مریضوں کی سہولت کے پیش نظرمفت ایمبولینس سروس کا منصوبہ شروع کررہی ہے یہ ایمبولینس سروس مفت ہوگی ،اگر کوئی ایمبولینس کا عملہ مریضوں سے کسی بھی حوالے سے رقم طلب کرے تو ٹول فری نمبر1021پر شکایت بھی کی جاسکتی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ حکومت سندھ نے ابتدائی طورپر امن فاؤنڈیشن سے 9ماہ کا معاہدہ کرلیا ہے معاہدے کے مطابق جنوری کے پہلے ہفتے سے امن فاؤنڈیشن کی جان بچانے والی ایمبولینس سروس مفت سروس فراہم کریں گی،ان کا کہنا تھا کہ آئندہ سال کے اختتام تک کراچی میں امن فاؤنڈیشن کی 200ایمبولینس چلائی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں اندرون سندھ کے دیگراضلاع میں بھی مفت ایمبولینس سروس شروع کردی جائے گی، خاقان سکندر کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ9ماہ کے دوران امن فاؤنڈیشن کی60جان بچانے والی ایمبولینس کی مد میں تقریبا 35ملین روپے اداکریگی جبکہ سال بھرکیلیے50کروڑ روپے حکومت سندھ ادا کریگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔