بینکار قتل کیس، مقدمے کی تفتیش سب انسپکٹر محمد مبین کو منتقل

اسٹاف رپورٹر  بدھ 10 جولائی 2013
تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مذکورہ قتل کی تفتیش اعلیٰ افسران کے حکم پر انسپکٹر محمد مبین کو منتقل کرتے ہوئے تمام شواہد و دیگر مقدمات سے متعلق فائلیں ان کے سپرد کردی گئی ہیں۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مذکورہ قتل کی تفتیش اعلیٰ افسران کے حکم پر انسپکٹر محمد مبین کو منتقل کرتے ہوئے تمام شواہد و دیگر مقدمات سے متعلق فائلیں ان کے سپرد کردی گئی ہیں۔

کراچی:  اعلیٰ افسران نے بینکار فیصل نبی ملک قتل کیس کے تفتیشی افسر کی جانب سے لیت و لعل سے کام لینے پر مقدمے کی تفتیش سب انسپکٹر محمد مبین کو منتقل کردی ہے۔

منگل کو تھانہ ڈیفنس کے کورٹ محرر جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی حاتم عزیز سولنگی کے روبرو پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ فاضل عدالت کے حکم پر سابقہ تفتیشی افسر محمد ارشان کو شوکاز نوٹس جاری کردیا تھا اور انھیں عدالت میں پیش ہونے اور مقدمے کا عبوری چالان عدالت میں جمع کرانے کیلیے پابند کیا تھا، اس موقع پر کورٹ محرر نے تفتیشی افسر ارشان کی جانب سے شوکاز نوٹس کا جواب بھی داخل کیا جس میں سابقہ تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا تھا کہ اسے دوسرے مقدمے کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور وہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں مصروف ہے، اس وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوسکتا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مذکورہ قتل کی تفتیش اعلیٰ افسران کے حکم پر انسپکٹر محمد مبین کو منتقل کرتے ہوئے تمام شواہد و دیگر مقدمات سے متعلق فائلیں ان کے سپرد کردی گئی ہیں، موقع پر موجودہ نئے تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ تفتیش انھیں منتقل ہوئی ہے، فائل اور گواہوں کے بیانات و دیگر قانونی تقاضے مکمل کرنے ہیں لہٰذا عبوری چالان جمع کرانے کی مہلت دی جائے، فاضل عدالت نے انھیں3 روز کی مہلت دیدی، واضح رہے کہ گزشتہ روز فاضل عدالت نے پولیس افسر کو چالان جمع نہ کرانے پر شوکاز نوٹس جاری کیا تھااور عدالت میں طلب کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔