بلائنڈ کپتان ربیعہ شہزادی پاکستان کا نام روشن کرنے کیلیے پرعزم

اسپورٹس رپورٹرز  منگل 1 جنوری 2019
ربیعہ شہزادی نے کہا کرکٹ میرا جنون ، شوق اورمقدر ہے ، فوٹوفائل

ربیعہ شہزادی نے کہا کرکٹ میرا جنون ، شوق اورمقدر ہے ، فوٹوفائل

 لاہور:  پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی کپتان ربیعہ شہزادی نے کہا ہے کہ میں آنکھوں سے دیکھ نہیں سکتی لیکن میرا دل کرتا ہے کہ پاکستان کا نام دنیا میں بھر میں روشن کروں۔

ربیعہ شہزادی نے کہا کرکٹ میرا جنون ، شوق اورمقدر ہے ، اپنے خاندان کو سپورٹ کرنے کے لیے تعلیم کے ساتھ کھیل کو جاری رکھے ہوئے ہوں۔ ایکسپریس نیوز سے گفتگو میں ربیعہ نے کہا کہ یہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ویمنز بلائنڈ ٹیم تشکیل دی گئی ہے، آنکھوں میں روشنی نہیں مگر جذبے جوان ہیں، میری والدہ میری آئیڈیل ہیں اور انھوں نے ہی مجھے کرکٹ کھیلنے کی جانب مائل کیا ، کرکٹ کا آغازاسکول سے کیا تو سب مذاق اڑاتے تھے، والدہ کی سپورٹ نے مجھے توانائی بخشی، کالج کی ٹیم میں آل راؤنڈر کا اعزاز پایا، کنیئرڈ کالج لاہور میں بی ایس آنرز کی طالبہ ربیعہ تعلیم کے ساتھ کھیل کو بھی جاری رکھنے کیلیے پرعزم ہیں، دریں اثنا سیریز کیلیے قومی ٹیم کا اعلان بھی پیر کو کردیاگیا۔

قیادت ربیعہ شہزادی کے سپر دہے جبکہ انیلا شہزادی ان کی نائب ہوں گی، دیگر کھلاڑیوں میں صبا گل، اقصی عارف،بشرا ظہور،سمیعہ ممتاز،سعدیہ خالد،مہوش رفیق،نمرا رفیق،ربیعہ جاوید ہاشمی(وکٹ کیپر) نشاء بخش،بسمہ حسین، طیّبہ فاطمہ، کرن رفیق اور ارم شہزادی کے نام شامل ہیں نفیس احمد ہیڈ کوچ جبکہ شاہدہ شاہین اور بختاور معاون کوچ ہوں گی ، پاکستان کی پہلی بلائنڈ ویمنز اٹرنیشنل ٹی 20 سیریز27 جنوری تا 5 فروری لاہور، فیصل آباد اور اسلام آبادمیں ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔