کراچی آپریشن ؛ 2018 میں رینجرز نے سب سے زیادہ کارروائیاں کیں

اسٹاف رپورٹر  منگل 1 جنوری 2019
گزشتہ سال سب سے زیادہ جرائم پیشہ گرفتارکیے گئے، رینجرز کے 4 جوان شہید ہوئے
فوٹو: فائل

گزشتہ سال سب سے زیادہ جرائم پیشہ گرفتارکیے گئے، رینجرز کے 4 جوان شہید ہوئے فوٹو: فائل

 کراچی: رینجرز نے کراچی آپریشن سے متعلق کارکردگی رپورٹ جاری کردی آپریشن کے دوران 11 ہزار619 دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرکے پولیس کو حوالے کیا۔

کراچی آپریشن کے دوران 2 ہزار210 دہشت گرد،ایک ہزار 881 ٹارگٹ کلرز، 852 بھتہ خور،227 اغوا کاروں کو گرفتار کرکے 169 مغویوں کو بازیاب کرالیا گیا، کراچی آپریشن کے 5 برسوں میں سب سے زیادہ آپریشن 2018 میں کیے گئے اسی سال رینجرز نے ریکارڈ ملزمان بھی گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیے 2018 میں رینجرز کے 4 جوان شہید ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز نے کراچی میں قیام امن کے لیے 5 ستمبر 2013 سے شروع کیے گئے کراچی آپریشن سے متعلق کارکردگی رپورٹ جاری کردی ، رپورٹ کے مطابق 5 سال اور4 ماہ کے دوران رینجرز نے شہر بھر میں مجموعی طور پر 15ہزار838 آپریشن کیے گئے، آپریشن کے دوران11ہزار 619 دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کو پولیس کو حوالے کیا گیا۔

آپریشن کے دوران مختلف اقسام کے 13 ہزار 224 ہتھیار برآمد کیے گئے جبکہ 8 لاکھ 76 ہزار 83 مختلف ہتھیاروں کی گولیاں برآمدکی گئیں، کراچی آپریشن کے دوران 2ہزار210 دہشت گردوں ،1ہزار 881 ٹارگٹ کلرز، 852 بھتہ خور،اغوا برائے تاوان میں ملوث 227 اغواکاروں کو گرفتار اور 169 مغویوں کو اغوا کاروں کے قبضے سے بحفاظت بازیاب کرایا گیا، کراچی آپریشن میں مجموعی طور پر رینجرز کے28 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور 100 جوان زخمی ہوئے کراچی آپریشن کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں بتدریج کمی آئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔