پروہاکی لیگ کے لئے قومی ٹیم کے کیمپ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا

میاں اصغر سلیمی  ہفتہ 5 جنوری 2019
پروہاکی لیگ 19 جنوری سے شروع ہو گی فوٹو: فائل

پروہاکی لیگ 19 جنوری سے شروع ہو گی فوٹو: فائل

 لاہور: پرو ہاکی لیگ کے لئے قومی ٹیم کے کیمپ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں پرو ہاکی لیگ کے لئے 57 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا تھا جن میں سے 45 پلیئرز نے کیمپ میں رپورٹ کردی ہے۔

ٹریننگ کیمپ کے پہلے روز کوچز ریحان بٹ اور دانش کلیم نے کھلاڑیوں کی فٹنس میں بہتری کے لئے خصوصی مشقیں کروائیں جب کہ دوسرے سیشن میں کھلاڑیوں کے کھیل میں نکھار لانے کے لئے بھر پور ٹریننگ کروائی گئی۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ و منیجر سعید خان تاحال کیمپ کا حصہ نہیں بن سکے، وہ پیر کو کیمپ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

پرو ہاکی لیگ 19 جنوری سے شروع ہو گی جس میں 9 ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ ایونٹ میں آسٹریلیا، بیلجیم، ہالینڈ، جرمنی، انگلینڈ، ارجنٹائن، اسپین، نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 2 فروری کو ارجنٹائن کے خلاف کھیلے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔