جاپان میں 278 کلو وزنی مچھلی 30 لاکھ ڈالر میں فروخت

ویب ڈیسک  اتوار 6 جنوری 2019
یہ مچھلی 278 کلو وزنی ہے اور اب تک فروخت ہونے والی مچھلیوں میں سب سے مہنگی ہے۔ فوٹو : فائل

یہ مچھلی 278 کلو وزنی ہے اور اب تک فروخت ہونے والی مچھلیوں میں سب سے مہنگی ہے۔ فوٹو : فائل

ٹوکیو: جاپان میں تاجر کیوشی کیمورا نے مچھلی کی سالانہ نیلامی میں 278 کلو وزنی بلو فن ٹیونا مچھلی کو 3.1 ملین ڈالر میں خرید کر عالمی ریکارڈ قائم کرلیا۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹوکیو میں ہونے والی مچھلی کی نیلامی میں سوشی ٹائیکون کیوشی کیمورا نے دنیا کی سب سے مہنگی مچھلی خریدنے کا ریکارڈ قائم کردیا۔ نایاب نسل کی اس مچھلی کو گزشتہ برس 6 لاکھ 36 ہزار ڈالر میں خریدا گیا تھا۔

یہ ٹسوکیجی فش مارکیٹ میں ہونے والی سالانہ نیلامی میں فروخت ہونے والی سب سے مہنگی مچھلی ہے۔ ماضی کی طرح اس سال بھی کیوشی کیمورا مچھلی کو اپنے فوڈ چین میں فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

کیوشی کیمورا ٹیونا مچھلی کے ایک ٹکڑے کو 500 ڈالر تک فروخت کرتے ہیں، نیلامی کے بعد کیوشی اور دیگر شیف نے مچھلی کےٹکڑے کیے جب کہ ذائقہ دار مچھلی کے دلدادہ مچھلی کے ریسٹورینٹ میں تیار ہونے کے منتظر ہیں۔

واضح رہے کہ اٹلانٹک بلوفن ٹیونا ایک نایاب مچھلی ہے اور جاپان میں اسے بڑے شوق سے کھایا جاتا ہے اور ہر سال ٹوکیو میں اس مچھلی کی نیلامی کی جاتی ہے تاہم بہت سے مغربی ممالک میں اس مچھلی کے شکار پر پابندی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔