2019ء پاکستان فلم انڈسٹری کی ترقی کا سال ہوگا

قیصر افتخار  اتوار 6 جنوری 2019
فنون لطیفہ سمیت تمام میں نمایاں کامیابیاں ملیں گی ، فنکاربرادری

فنون لطیفہ سمیت تمام میں نمایاں کامیابیاں ملیں گی ، فنکاربرادری

نئے سال کا سورج طلوع ہوچکا ہے۔ مختلف شعبوں کی طرح فنون لطیفہ کے تمام شعبوں سے وابستہ فنکار، تکنیک کاربھی اپنے اس شعبے کی ترقی اورکامیابی کیلئے بہت پرعزم دکھائی دیتے ہیں۔ کوئی نئی فلمیں بنانے کا ارادہ رکھتا ہے توکوئی ڈرامے، کوئی رقص میں جدت لانے کی بات کرتا ہے توکوئی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔

بس یوں کہئے کہ نئے سال اورنئی حکومت نے سب کویہ سوچنے پرمجبورکیا ہے کہ اب ترقی کی راہ پربڑھنے کیلئے سب کواپنے اپنے شعبوں میں انتھک محنت سے کام کرنا ہوگا۔ ملکی بحران توبہت زیادہ ہے لیکن اس کے خاتمہ میں حکومت کے شانہ بشانہ عوام کوبھی اپنا کردار اداکرنا ہوگا۔ ویسے بھی دنیا بھرمیں جن قوموں نے ترقی کی ہے ، ان کے ماضی کا جائزہ لیں توبہت مسائل سے جنگ کرنے کے بعد آج ان کا شماردنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہوتا ہے اوروہاں کے لوگ بہت ہی امن پسند اورپرآسائش زندگی بسر کرتے ہوئے دن دگنی رات چگنی ترقی کررہے ہیں۔ جہاں تک بات پاکستان کی ہے توموجودہ حالات میں ہمارا ملک بہت سے مسائل میں پھنسا ہوا ہے لیکن اس ملک کے لوگوں کی صلاحیتیں اس قدر ہیں کوئی اس سے انکارنہیں کرسکتا۔ دنیا بھرمیں بہت سے کارنامے صرف اورصرف پاکستانیوں نے ہی انجام دیئے ہیں ۔ جس پرہم سب کوفخر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج نئے سال کے موقع پرپاکستان کے نامور ستارے تمام ترپریشانیوں کوپس پشت رکھتے ہوئے امن، دوستی اورترقی کی بات کررہے ہیں۔

’ ایکسپریس‘ سے گفتگوکرتے ہوئے بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکارہ وماڈل سارہ لورین نے کہا کہ نیا سال بہت سی خوشیاں لے کرہماری زندگی میں آیا ہے۔ ایسے میں ماضی کی غلطیوںکو دہرانے کی بجائے اگران سے سیکھتے ہوئے آگے بڑھا جائے تویقینا ہمارا ملک ترقی کرے گا ۔ نئے سال کے موقع پرہم سب کویہ عزم کرنا ہوگا کہ ہم محنت اورلگن کے ساتھ ملک کی سلامتی اورمسائل کے خاتمہ کیلئے کام کریں گے۔ جہاں تک بات شوبز کی ہے تواس شعبے سے وابستہ لوگوں نے ہمیشہ ہی منفردکام کیا ہے۔ نئے سال کے موقع پرمیرے چاہنے والوں کیلئے میری نئی فلم ’’فراڈ سیاں‘‘ نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔ فلم میں جہاں میں اپنے چاہنے والوںکو سرپرائزدوں گی وہیں پڑوسی ملک کے معروف اداکارارشد وارثی سمیت دیگرمیرے ساتھ دکھائی دیں گے۔

فلم سٹارفواد خان نے کہا کہ 2019ء پاکستان کی ترقی کا سال ثابت ہوگا کیونکہ اب ہماری قوم جاگ اٹھی ہے اورسب لوگ مسائل سے جنگ لڑنے کیلئے یکجا دکھائی دیتے ہیں۔ اس وقت پاکستان میں گیس ، بجلی، پانی سمیت بہت سے مسائل پھیلے ہوئے ہیں۔ ایسے میں نئی حکومت تواپنا کردارادا کررہی ہیں لیکن ہم سب کوبھی بطورپاکستانی اپنی ذمہ داری کوسمجھنا ہوگا۔اگرآج ہم نے مل کرملک کی سلامتی کی جنگ نہ لڑی توآنے والے دنوں میں بہت نقصان ہوسکتا ہے۔ اس لئے مجھے تویہ محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان کی نوجوان نسل نے نئی سمت کا تعین کرلیا ہے اوراب انہیں آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

اداکارہ ریما نے کہا کہ پاکستان سے میری پہچان ہے۔ دنیا میں جہاں بھی جاؤں میرے نام سے پہلے پاکستان کانام آتا ہے، جس پربہت فخر ہوتا ہے۔ میں نے یہاں کام کرتے ہوئے محنت کی اورآج مجھے اس کاپھل مل رہا ہے۔ لوگ پیارکرتے ہیں اورعزت دیتے ہیں۔ اسی طرح اگرسب لوگ دل وجان سے محنت کریں اورکچھ الگ کام کریں تووہ وقت دورنہیں جب دنیا کے لوگ یہاں آنے اوررہنے کوترجیح دیں گے۔ ہم سب کواپنے آپ سے وعدہ کرنا چاہئے کہ ہم اب محنت سے کام کریں گے اورملکی ترقی میں اپنا کرداربھرپورانداز سے ادا کریں گے۔

فلم سٹارشان نے کہا کہ مسائل بہت زیادہ ہیں اورقرضے کی وجہ سے آج ہمارا ملک تباہی کے دہانے پرپہنچ چکا ہے لیکن ابھی بھی وقت ہے اگرحکومت درست سمت میں آگے بڑھے توعوام ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

اداکاروگلوکارعلی ظفرنے کہا کہ میری طرف سے پوری قوم کونیا سال مبارک ہو۔ میری دعا ہے کہ نیا سال ہمارے لئے خوشیوں کا پیغام ثابت ہو کیونکہ دنیا بھرمیں بسنے والے لوگ نئے سال کے موقع پرملک وقوم کی ترقی کیلئے کوشاں ہوتے ہیں اوراس کے نتائج ان کی خوبصورت زندگی کے ذریعے ہمارے سامنے ہیں۔ اب ہمیں بھی اسی طرح سے کام کرنا ہوگا اورپاکستان کوایک ایسے مقام پرلاکھڑا کرنا ہوگا، جس پرسب کواس پرفخر ہو اوردنیا میں بسنے والے اس کی مثال دے سکیں۔

اداکارہ حمائمہ ملک نے کہا کہ نیا سال جہاں میرے لئے بہت سی خوشیاں لے کرآیا ہے، وہیں میرے پرستاروں کیلئے نئی فلموں کی شکل میں کچھ ایسا کام بھی سامنے آئے گا، جس کا انہیں برسوں سے انتظارہے۔ بلاشبہ پاکستان فلم انڈسٹری پہلے سے زیادہ ترقی کرے گی، اس کی بڑی وجہ یہاں کام کرنے والے باصلاحیت لوگ ہیں جودن رات اپنے کام سے ایسی شاہکارفلمیں بنا رہے ہیں، جوپاکستانی سینما کوایک نئی سمت میں آگے بڑھا رہی ہیں۔ اس لئے میں تونئے سال سے بہت پرامید ہوں اورمیری پوری قوم سے اپیل ہے کہ وہ بھی پرامید رہنے کے ساتھ محنت سے کام کریں تاکہ ترقی کا پہیہ چلے اورہمارا ملک بحران سے باہرنکلے مگراس کیلئے آج ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم ایک دوسرے کی برائی کے بجائے اسے سمجھاتے ہوئے بہترکام کرنے کی تلقین کریں گے۔ ہم لوگ بہت باصلاحیت ہیں مگرہماری تمام ترتوجہ صرف منفی کاموں کی جانب رہتی ہے، جوکہ درست نہیں ہے۔ اس وقت ہمارا ملک بہت سے مسائل سے دوچار ہے۔ حکومت اورفوج تواپنا کردارادا کررہی ہے لیکن ہمیں بھی اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔

اداکارہمایوں سعید اورماہرہ خان نے کہا کہ پاکستان شوبزانڈسٹری کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے نئے سال کی مبارکباد دے رہے ہیں اورہمیں امید ہے کہ فنکاروں کے چاہنے والے ان کی باتوںکوسمجھنے کے ساتھ انہیں عملی طورپراپنی زندگی کا حصہ بنائیں گے کیونکہ ہمارے ہاں باتیں بہت زیادہ ہوتی ہیں اورعمل نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارا ملک مسائل کا شکارہوچکا ہے۔ مگراس سے ڈرنے اورخوفزدہ ہونے کی بجائے ہمیں پختہ انداز سے آگے بڑھنے پرتوجہ دینا ہوگی۔ جب تک ہم ایسا نہیں کریں گے، اس وقت تک بہتری اورترقی کے خواب دیکھنا بے کار ہیں۔

اداکارہ صباقمراورمہوش حیات نے کہا کہ ہم دنیا بھرمیں موجود اپنے تمام پرستاروں کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ اس سال آپ سب کے خواب پورے ہوں لیکن اپنے خوابوںکو پوراکرنے کیلئے ہم سب کواپنے آپ سے یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم دن رات کام کریں گے اوراپنے گھرپاکستان کودنیا کا ایک ایسا خطہ بنائیں گے، جس کودیکھنے کیلئے ہرکوئی یہاں آنا چاہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ایک انتہائی مشکل کام ہے لیکن ناممکن نہیں ہے۔ ہمارے سامنے اس طرح کی لاتعداد مثالیں موجود ہیں اورہمیں بھی اب دنیا کی ایسی ہی ایک مثال بننے کی ضرورت ہے۔

اداکارغلام محی الدین اورنیئراعجاز نے کہا کہ 2018ان کے لئے بہت ہی خاص تھا لیکن اب نیا سال 2019ء ہمیں بہت خاص بنانے کیلئے کام کرنا ہوگا۔ نیا سال ہے اورہمیں پوری قوم کی طرح اس سال سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں ، مگران توقعات کوپورا کرنے کیلئے ہمیں کسی کی طرف دیکھنے کی بجائے خود سے کام کرنا ہوگا۔ ہم فنکارہیں توہمیں اس شعبے کی بہتری اورترقی کیلئے جہاں اقدام کرنا ہوں گے، وہیں اپنے کام کومزید بہترکرنا ہوگا، تاکہ ہمارے کام کواوربھی زیادہ سراہا جائے ۔ یہ مشکل ضرور لگتا ہے مگراس کوجب ہم شروع کریں گے تودھیرے دھیرے یہ آسان ہونے لگے گا اورہمیں دیکھ کرنئے بھی اسی طرح کا جذبہ دکھائیںگے اورہمارا شعبہ ترقی کی اُڑان بھرے گا۔

اداکارہ ثناء سرفراز اوراحمد بٹ نے کہا کہ ہم انڈسٹری کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی کے لئے بھی دعاگو ہیں۔ ہمیں نئے سال سے بے شمار توقعات وابستہ ہیں۔ انشاء اللہ یہ سال پاکستان کے لئے بہترین ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح پچھلا سال ہم سب کے لئے شاندار تھا ہمیں نئے سال سے بھی اچھی توقعات وابستہ کرنی چاہئے۔ کیونکہ بطورفنکارہماری بہت سی ذمہ داریاں ہیں، جس کا احساس کرتے ہوئے ہمیں بہت سے لوگوں کواپنے کام سے ایسی راہ دکھانے کی ضرورت ہے، جس پرچلتے ہوئے بہترانسان بن سکیں اورہمارا معاشرہ امن، چاہت اوردوستی کاگہوارا بن جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔