زرداری، فضل الرحمٰن تاریخ کا حصہ بن چکے، اب ملاقاتوں کا اثر نہیں ہوگا، قاسم سوری

اجمل ستار ملک  منگل 8 جنوری 2019
18 ویں ترمیم کے تحت این ایف سی ایوارڈ کا فائدہ بلوچستان میں نچلی سطح تک پہنچنے نہیں دیا گیا، ایکسپریس فورم میں گفتگو

18 ویں ترمیم کے تحت این ایف سی ایوارڈ کا فائدہ بلوچستان میں نچلی سطح تک پہنچنے نہیں دیا گیا، ایکسپریس فورم میں گفتگو

 لاہور:  ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی و رہنما تحریک انصاف قاسم سوری نے کہاہے کہ بدقسمتی سے 18 ویں ترمیم کے تحت این ایف سی ایوارڈ کا فائدہ بلوچستان میں نچلی سطح تک پہنچنے نہیں دیا گیا۔

لہٰذا عوامی مفاد کی خاطر جن قوانین میں بہتری کی گنجائش موجود ہے ان میں ترامیم کی جاسکتی ہیں، موجودہ حکومت کے اقدامات سے 70 برسوں سے محرومی کاشکار بلوچستان ملکی معیشت کا ’’گیٹ وے‘‘ بننے جا رہا ہے، ایسے منصوبے لائے جائیں گے جن سے عام آدمی کی حالت بہتر ہوسکے، ملکی معاشی حالت بہتر کرنے کیلیے دوست ممالک سے رابطہ کیا گیا تاکہ آئی ایم ایف کے پاس اپنی شرائط کے مطابق جائیں۔

اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید کا دورہ پاکستان بہترین رہا، اس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات پڑیں گے، شہباز شریف کی بطور چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی تعیناتی کے حوالے سے تحفظات کے باوجود باہم مشاورت سے یہ فیصلہ کیا گیا جس کا احترام کرنا چاہیے، اس حوالے سے شیخ رشید کا عدالت جانے کا فیصلہ ان کا حق ہے، مولانا فضل الرحمٰن اور آصف زرداری تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں لہٰذا اب ان کی ملاقاتوں کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ’’ایکسپریس فورم‘‘ میں کیا۔ فورم کی معاونت کے فرائض احسن کامرے نے سرانجام دیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔