پاکستان سے سیریز، آسٹریلوی کرکٹ ٹیم یواےای پہنچ گئی

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 22 اگست 2012
کپتان مائیکل کلارک دورئہ یو اے ای میں ٹیم کی رینکنگ بہتر بنانے کے خواہاں (فوٹو : اے ایف پی)

کپتان مائیکل کلارک دورئہ یو اے ای میں ٹیم کی رینکنگ بہتر بنانے کے خواہاں (فوٹو : اے ایف پی)

دبئی: پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے آسٹریلوی ٹیم نے متحدہ عرب امارات میں ڈیرے ڈال دیے، کینگروز کا دوپہر کودبئی پہنچنے پر گرم ہوائوں نے استقبال کیا، مکی آرتھر کے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہونے کی وجہ سے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری اسٹیورکسن انجام دے رہے ہیں، کپتان مائیکل کلارک دورئہ یو اے ای میں ٹیم کی رینکنگ بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کا ون ڈے اسکواڈ پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے دبئی پہنچ گیا ہے، جہاں پر گرم ہوائوں نے ان کا استقبال کیا، کوچ مکی آرتھر ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کیلیے مختصر فارمیٹ کے اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کے ساتھ مصروف ہونے کی وجہ سے ون ڈے ٹیم کے ہمراہ یو اے ای نہیں آئے تاہم پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلیے وہ یو اے ای آئیں گے، ان کی غیرموجودگی میں فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن قائمقام ہیڈ کوچ کی ذمہ داری انجام دے رہے ہیں۔

انھوں نے واضح کیا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم کا دورئہ یو اے ای کوئی چھٹیوں کا کیمپ نہیں ہے، ہم یہاں کی گرمی اور کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے کھانے پینے اور پریکٹس کا شیڈول ترتیب دیں گے۔ آسٹریلیا ہفتے کو شارجہ میں افغانستان کے ساتھ واحد ون ڈے میچ کھیلے گا جبکہ پاکستان کے خلاف تین ایک روزہ میچز کی سیریز کا آغاز 28 اگست سے ہوگا۔

دریں اثنا کپتان مائیکل کلارک کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے ون ڈے فارمیٹ میں مستقل مزاجی سے پرفارم کرنا ضروری ہے، انگلینڈ میں ہماری کارکردگی کافی خراب رہی، اس لیے پاکستان سے سیریز ہمارے لیے اپنی رینکنگ بہتر بنانے کیلیے اچھا موقع ہے، اب اس موقع کو کارآمد بنانے کی ذمہ داری پوری ٹیم پر ہے، اس وقت ہم ون ڈے رینکنگ میں چوتھے، ٹیسٹ میں تیسرے اور ٹوئنٹی 20 میں آٹھویں یا نویں نمبر پر ہیں، یہ صورتحال کافی مایوس کن اور ناقابل قبول ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔