انضمام امریکا میں بچوں کے ’ کوچ ‘ بنیں گے

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 10 جنوری 2019
چیف سلیکٹر پی ایس ایل کے ابتدائی میچز چھوڑ کر نجی اکیڈمی کو وقت دیں گے

چیف سلیکٹر پی ایس ایل کے ابتدائی میچز چھوڑ کر نجی اکیڈمی کو وقت دیں گے

 لاہور:  ڈومیسٹک کرکٹرز کو مسلسل نظرانداز کرنے والے چیف سلیکٹر انضمام الحق امریکا میں بچوں کی کوچنگ کیلیے تیار ہیں پی ایس ایل کے ابتدائی میچز چھوڑ کر ایک نجی اکیڈمی میں نوجوان کرکٹرزکی رہنمائی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ سے نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے اور قومی ٹیموں کی سلیکشن کے ذمہ دار انضمام الحق پی سی بی میں عہدہ سنبھالنے کے باوجود ٹی ٹین لیگ اور پی ایس ایل فرنچائزز کیساتھ وابستگی سمیت مختلف سرگرمیوں میں کسی نہ کسی طورشامل رہے ہیں، دیگر سلیکٹرز تو تھوڑا بہت وقت دیتے رہے لیکن سابق کپتان نے ڈومیسٹک کرکٹ کے میچز دیکھنے کی ضرورت کم ہی محسوس کی ہے،ان کو ایک فرنچائزکے ٹیلنٹ ہنٹ پرگراموں کیلیے آزاد کشمیر اور دیگر علاقوں میں خدمات فراہم کرتے ضرور دیکھا گیا۔

انضمام الحق کی منتخب کردہ قومی ٹیم کی جنوبی افریقہ میں ناقص کارکردگی پر مسلسل انگلیاں اٹھائی جارہی ہیں، اس صورتحال میں بھی انضمام الحق نے امریکا کے سپرسپاٹے کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا،چیف سلیکٹر نے ایک نجی کرکٹ اکیڈمی کو ایک ہفتہ  دینے کا معاہدہ کیا ہے، وہ 16 سے 22 فروری تک نوجوان کرکٹرز کی کوچنگ کریں گے،  اکیڈمی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ہرسیشن میں شرکت کے خواہشمندوں کیلیے محدود  نشستیں موجود ہیں،ساتھ ہی انضمام الحق کی ایکشن فوٹو بھی دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل کا آغاز 14 فروری کوہوگا، چیف سلیکٹر ابتدائی میچز کے دوران ورلڈکپ کیلیے ممکنہ کھلاڑیوں کی صلاحیتیں جانچنے کے بجائے امریکا میں اپنا تجربہ نوجوان کرکٹرز کو منتقل کررہے ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔