احمد شہزاد کو گریڈ 2 کرکٹ کھیلنا پڑگئی

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 10 جنوری 2019
ڈوپنگ کیس میں پابندی ختم ہونے کے بعد فیصل آباد کی نمائندگی کریں گے

ڈوپنگ کیس میں پابندی ختم ہونے کے بعد فیصل آباد کی نمائندگی کریں گے

 لاہور:  ماضی کے نمبر ون اوپنراحمد شہزادکوگریڈ 2 کرکٹ کھیلنا پڑگئی ڈوپنگ کیس میں پابندی ختم ہونے کے بعد پہلی بار ایکشن میں آنے کیلیے تیار ہیں پہلا میچ فیصل آباد ریجن کی جانب سے آزاد کشمیر کیخلاف کھیلیں گے۔

تفصیلات کے مطابق احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ گزشتہ سال مئی میں فیصل آباد میں پاکستان ون ڈے کپ کے دوران لیا گیا تھا، ممنوعہ دوا کا استعمال ثابت ہونے پرپی سی بی نے 4 ماہ کی پابندی عائد کردی، اس دوران انہیں فرسٹ کلاس ٹیم حبیب بینک نے بھی باہربٹھادیا، ایک وقت میں پاکستان کے نمبر ون اوپنر سمجھے جانے والے احمد شہزاد سنٹرل کنٹریکٹ بھی گنوابیٹھے، ابھی 4ماہ کی پابندی ختم نہیں ہوئی تھی کہ انھوں نے کلب میچز میں شرکت کی غلطی کرلی، کوڈ آف کنڈکٹ کی اس خلاف ورزی پران کی سزا میں 6 ہفتوں کا اضافہ ہوا، مجموعی طور پر ساڑھے 5 ماہ کی سزا  22 دسمبر کو مکمل ہوگئی تھی۔

احمد شہزاد ڈومیسٹک کرکٹ میں ایکشن میں آنے کیلئے قائداعظم ٹرافی ٹرافی گریڈ ٹوکرکٹ کھیلنے کوتیار ہوگئے، وہ فیصل آباد کی جانب سے ایکشن میں ہونگے، ایونٹ جمعہ سے ملک کے مختلف وینیوز پرشروع ہورہا ہے، فیصل آباد کی ٹیم افتتاحی روز اقبال سٹیڈیم میں آزاد کشمیر کے مقابل ہوگی،گزشتہ روز فیصل آباد پہنچنے والے احمد شہزاد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دوبارہ کرکٹ شروع کرنے پر اسی طرح پرجوش ہوں جیسا پہلی بار ریجن کی نمائندگی کا موقع ملنے پر تھا،یہ وہی ڈومیسٹک کرکٹ ہے جس نے مجھے اس مقام پر پہنچایا جہاں آج میں ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔