عالمی بینک سندھ سولر انرجی کیلیے 10 کروڑ ڈالر قرضہ دیگا، معاہدہ ہوگیا

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 10 جنوری 2019
ابتدائی طور پر 50 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی ،  
 فوٹو: فائل

ابتدائی طور پر 50 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی ، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: عالمی بینک سندھ سولر انرجی منصوبے کیلئے پاکستان کو 10 کروڑ ڈالر کا قرضہ فراہم کریگا۔

اس ضمن میں عالمی بینک اور پاکستان کے درمیان معاہدے پر دستخط کردیئے گئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن نوراحمد ،سندھ حکومت کی طرف سے مصدق احمد خان سیکریٹری انرجی ڈپارٹمنٹ اور عالمی بینک کی جانب سے کنٹری ڈائریکٹر پیچوموتھو لیگوان نے دستخط کیے ،اس منصوبے سے سندھ میں شمسی توانائی کے استعمال کو فروغ دیا جائیگا جبکہ اس کے ذریعے 2لاکھ بجلی سے محروم گھروں کو بجلی فراہم کی جائے گی۔

اس منصوبے کیلیے حکومت سندھ 50 لاکھ ڈالرز فرام کرے گی۔ معاہدہ کے مطابق یہ منصوبہ سندھ میں شمسی توانائی کی پیداوار، استعمال اور تقسیم کے حوالے سے ہے جس سے ابتدائی طور پر 50 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اور 20 میگا واٹ بجلی کراچی میں پبلک سیکٹر بلڈْنگز کی چھتوں پر سولر پلیٹ لگاکر حاصل کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔