پیسہ واپس لانے کیلیے اسپیشل زون قائم کردیا، ایف بی آر

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 10 جنوری 2019
ڈی جی انویسٹی گیشن شاد محمد خان، کلکٹر کسٹم حیدرآباد کی منشیات نذرآتش کرنے کے موقع پر گفتگو
فوٹو: فائل

ڈی جی انویسٹی گیشن شاد محمد خان، کلکٹر کسٹم حیدرآباد کی منشیات نذرآتش کرنے کے موقع پر گفتگو فوٹو: فائل

حیدر آباد: منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر بھیجا گیا پیسہ واپس لانے کے لیے ایف بی آر نے اسپیشل زون قائم کردیا ہے۔

ایف بی آر کے ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس انویسٹی گیشن اسلام آباد شاد محمد خان کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر بھیجا گیا پیسہ حکومتی سطح پر واپس لانے کی باتیں ہورہی ہیں پرائم منسٹر بھی کہہ چکے ہیں کہ جن لوگوں کی جائیدادیں ہیں ان کی 36 ملکوں سے تفصیلات آگئی ہیں اور یہ سب تفصیلات معلومات کے تبادلے کے تحت آرہی ہیں پیسہ واپس لانے کے لیے ایف بی آر نے اسپیشل زون قائم کردیا ہے۔

حیدرآباد کے علاقے گنجو ٹکر سائٹ ایریا میں ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس انویسٹی گیشن حیدرآباد کے تحت منشیات نذرآتش کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاد محمد خان نے مزید کہا کہ منی لانڈرنگ کے کیسز کے حوالے سے کوئی تعداد واضح نہیں ہے، ان کیسز میں اسٹیٹ بینک کی رپورٹس، ہماری اپنی انٹیلیجنس رپورٹ شامل ہوتی ہیں، انھوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ ریونیو جمع کرنے کے لیے ٹیکس نادہندگان، جعلی انوائسز اور غیرقانونی سگریٹ کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں، ایف بی آر اپنے طے شدہ طریقہ کار کے تحت ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیاں کرتا ہے۔

اس موقع پر موجود کلکٹر کسٹم حیدرآباد خالد جمیل نے بتایا کہ کسٹم کی جانب سے اسمگل شدہ سامان کی خریدوفروخت کے خلاف بھرپور طریقے سے کارروائیاں جاری ہیں۔ اس موقع پر چیف کمشنر ان لینڈ روینیو ایف بی آر شاہد اقبال بلوچ، ڈائریکٹر انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن حیدرآباد عبدالرحمان بلو، کمشنر ان لینڈ روینیو محمد اسلم مری اور ایڈیشنل ڈائریکٹر انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن حیدرآباد ممتاز علی تھیبو بھی موجود تھے۔ قبل ازیں تقریب کے دوران مختلف کارروائیوں کے دوران گذشتہ برس تحویل میں لی گئی کروڑوں روپے مالیت کی نان پیڈ سگریٹس کے ایک ہزار ڈبے نذر آتش کیے گیے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔