اسٹاک مارکیٹ میں تیزی؛39000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 11 جنوری 2019
336 کمپنیوں کے 11 کروڑ 20 لاکھ 51 ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا، :فوٹو:فائل

336 کمپنیوں کے 11 کروڑ 20 لاکھ 51 ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا، :فوٹو:فائل

 کراچی:  ایف اے ٹی ایف کی انسدادمنی لانڈرنگ کے پاکستانی اقدامات پراطمینان اور مزید بہتری کی صورت میں مئی2019 تک پاکستان کو گرے لسٹ نکالنے کے عندیے کے علاوہ سعودی عرب کی جانب سے رواں ماہ پاکستان میں 10ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کے معاہدے کی اطلاعات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی 39000پوائنٹس کی نفسیاتی حد ایک بار پھر بحال ہوگئی۔

اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کے سبب41فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں51ارب 85کروڑ 27لاکھ 40ہزار 852روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ آئندہ چند ماہ میں متحدہ عرب امارات، ملائیشیا اور چین کی جانب سے بھی پاکستان میں متوقع اربوں ڈالر کے سرمایہ کاری معاہدے طے پانے کی اطلاعات نے سرمایہ کاری کے بیشتر شعبوں کا مورال بلند کیا جس سے ایک موقع پر 304پوائنٹس تک تیزی بھی رونماہوئی لیکن اختتامی لمحات میں فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی نتیجتاً کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100 انڈیکس 168اعشاریہ58 پوائنٹس کے اضافے سے 39090 اعشاریہ28ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 128 اعشاریہ 23پوائنٹس کے اضافے سے18607 اعشاریہ58، کے ایم آئی30 انڈیکس466 اعشاریہ83 پوائنٹس کے اضافے سے 66152اعشاریہ07 اورپی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 114اعشاریہ 65پوائنٹس کے اضافے سے19079اعشاریہ48 ہوگیا۔

کاروباری حجم بدھ کی نسبت 16اعشاریہ 28فیصدکم رہا اور مجموعی طورپر 11کروڑ20 لاکھ51 ہزار 470حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کادائرہ کار336کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 137کے بھاؤ میں اضافہ 184کے داموں میں کمی اور15کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں رفحان میظ کے بھاؤ200روپے بڑھ کر6700روپے اور پاکستان ٹوبیکوکے بھاؤ79روپے بڑھ کر2793روپے90پیسے ہوگئے جبکہ پاک سروسزکے بھاؤ 53روپے کم ہوکر1007 روپے اور وائتھ پاکستان کے بھاؤ 41روپے37پیسے کم ہوکر988روپے63پیسے ہوگئے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔