اپریل میں 10 بڑے فٹ بالرز کو پاکستان ساتھ لائیں گے، لوئس فیگو

ویب ڈیسک  جمعـء 11 جنوری 2019
یہاں سے خوشگوار یادوں کے ساتھ واپس جارہا ہوں، لوئس فیگو (فوٹو: فائل)

یہاں سے خوشگوار یادوں کے ساتھ واپس جارہا ہوں، لوئس فیگو (فوٹو: فائل)

لاہور: دنیائے فٹبال کے معروف کھلاڑی لوئس فیگو نے پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کے لیے کام کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپریل میں 10 نامور کھلاڑیوں کے ہمراہ پاکستان آئیں گے۔

لاہور پیکیجز مال میں ایکسپریس کے پروگرام سینٹر اسٹیج کے میزبان سے بات کرتے ہوئے معروف پرتگالی فٹبالر لوئس فیگو کا کہنا تھا کہ ہم نے خبروں کے توسط سے ہی پاکستان کے بارے میں سن رکھا تھا، اکثر خبروں میں سنتے تھے کہ پاکستان بہت دور ہے لیکن عام طور پر جیسا خبروں میں دکھایا جاتا ہے حقیقت اس کے برعکس ہوتی ہے، میں آج یہاں آیا ہوں اور محسوس کررہا ہوں کہ یہاں کے لوگ فٹ بال سے کتنی محبت کرتے ہیں واقعی یہاں کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں۔

لوئس فیگو نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ پاکستان ایک بڑی آبادی کا حامل ملک ہے اور مجھے علم ہے کہ یہاں کے عوام کی پہلی ترجیح کرکٹ ہے، لیکن جو لوگ فٹبال سے لگاؤ رکھتے ہیں، ان کے لیے فٹبال کے حوالے سے مزید ایونٹس ہونے چاہئیں تاہم صرف فٹبال کھیلنے سے بہتری نہیں آسکتی فٹبال کے فروغ کے لیے اسٹیک ہولڈرز، فیڈریشنز، کلبس بالخصوص حکومت کا کردار ضروری ہے۔

یہ پڑھیں: پاکستان میں کاکا اور فیگو پر محبت کے پھول نچھاور

پرتگالی فٹبالر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کھیلوں کے لیے بہت جوش و جذبہ پایا جاتا ہے لیکن اس ملک میں فٹبال کے فروغ کے لیے بہت سارے عوامل کے ساتھ اچھے کوچز اور نوجوانوں کو فٹبال کے مواقع ملنا ضروری ہیں، نوجوانوں کے مابین مقابلے کا رجحان فٹبال میں بہتری لاسکتا ہے اگر مقابلے کے ماحول نہیں ہوگا تو بہتری بھی ممکن نہیں۔

لوئس فیگو کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کھیل کا فروغ ہماری ذمہ داری ہے، ہم اپریل میں واپس آئیں گے اور اپنے ساتھ دنیائے فٹبال کے 10 بڑے فٹبالر کو پاکستان لے کر آئیں گے، دو برس قبل معروف فٹ بالر رونالڈینیو بھی پاکستان آئے تھے۔ میں بھی اپنے دورے کے حوالے سے دوسروں کو آگاہ کروں گا کہ میرا دورہ بہت اچھا رہا، یہاں سے خوشگوار یادوں کے ساتھ واپس جارہا ہوں، امید کرتا ہوں کہ ملک مزید آگے بڑھے، کھیلوں میں مزید نوجوان آگے آئیں اور بچوں کو مستقبل میں بہتر مواقع میسر آئیں۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان کے حوالے سے لوئس فیگو کا کہنا تھا کہ وہ کرکٹ کے بہت مشہور کھلاڑی رہے ہیں اور اب تو پوری قوم کے نگران ہیں، میری تمنا ہے کہ جیسے وہ کرکٹ میں کامیاب ہوئے اس میدان میں بھی کامیاب ہوں، میری خواہش ہے کہ وہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔