رمضان کرکٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی 9 وکٹ سے کامیاب

اسپورٹس رپورٹر  پير 15 جولائی 2013
این بی پی کیخلاف68 کی فتح گر اننگز کھیلنے والے شاہ زیب حسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار، ناکام کپتان کامران اکمل کے 47رنز بھی نمایاں رہے۔   فوٹو: اے ایف پی

این بی پی کیخلاف68 کی فتح گر اننگز کھیلنے والے شاہ زیب حسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار، ناکام کپتان کامران اکمل کے 47رنز بھی نمایاں رہے۔ فوٹو: اے ایف پی

کراچی: پی سی بی رمضان کپ ٹی ٹوئنٹی نائٹ کرکٹ  ٹورنامنٹ  کے گروپ ’بی‘ کے افتتاحی میچ میں شاہ زیب حسن کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پورٹ قاسم اتھارٹی نے این بی پی کوباآسانی9وکٹ سے شکست دیدی۔

شاہ زیب حسن کو 46 گیندوں پر 68 کی فتح گر اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا، ناکام سائیڈ کے کپتان کامران اکمل 47رنز بناکر نمایاں رہے۔تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم میں ہفتے کی شب منعقد ہونے والے میچ میں این بی پی کے کپتان کامران اکمل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا، پہلے ہی اوور کی  چوتھی گیند پر خرم منظور نے عبدالرؤف کی گیند پر اوپنربلال منیر کا کیچ پکڑلیا، 3 گیندوں کا سامنا کرنے والے بلال کوئی رن بنائے بغیر نادم قدموں سے واپس پویلین لوٹ گئے،18 رنز کے مجموعی اسکور پر تیسرے اوور کی دوسری گیند پر دوسرے اوپنر سمیع اسلم نے بھی 8 رنز بناکر ڈریسنگ روم کی راہ لے لی۔

محمد طلحہ نے اپنی ہی گیند پر کیچ قابو کیا، بعد ازاں کامران اکمل نے عقیل انجم کے ہمراہ تیسری وکٹ کی شراکت میں 61 رنز کا اضافہ کیا، مگر اس موقع پر اپنی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کامران اکمل 37 گیندوں پر ایک چھکے اور6چوکوں کی مدد سے 47 رنز جوڑنے کے بعد شاہ زیب احمد  کے ہاتھوں وکٹ گنوا بیٹھے، ان کا کیچ اعظم حسین نے لیا،112 رنز کے اسکور پر بینک کو چوتھا نقصان عقیل انجم کے آؤٹ ہونے کی صورت اٹھانا پڑا،32 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 32 رنز داغنے والے عقیل کو محمد سلمان نے رن آؤٹ کیا، 5 رنز کے اضافے کے بعد بینک کی پانچویں وکٹ بھی گر گئی،17 ویں اوور کی چوتھی گیند پرعمر وحید17 گیندوں پر 18 رنز بناکر  واپس ڈریسنگ روم پہنچ گئے،چھٹی وکٹ 138 رنز کے اسکور پر 18.5 اوور میں عثمان قادر (6)کے رن آؤٹ ہونے پر گری، جبکہ آخری اوور کی پانچویں گیند پر رضا حسن(1)کو احمد جمال نے بولڈ کر دیا۔

حماد اعظم 15 گیندوں پرایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 27 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، ضیا  الحق نے آؤٹ ہوئے بغیر 2رنزاپنے نام جوڑے، شاہ زیب حسن نے 28 رنز کے عوض 2 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ عبدالرؤف،محمد طلحہ اور احمد جمال نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا،قومی بینک کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر7.5رنز فی اوور کی اوسط سے 150 رنز بناسکی، ہدف کا تعاقب کرنے والی پورٹ قاسم کو اوپنرز وکپتان خالد لطیف اور شاہ زیب حسن نے 60 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، ٹیم نے 29گیندوںہی پر نصف سنچری بنا ڈالی، تاہم اس میں 13 فاضل رنز بھی شامل تھے،بینک کو واحد نقصان پانچویں اوور کی آخری گیند پرخالد لطیف کے آؤٹ ہونے پر اٹھانا پڑا،وہ 22گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد ایک چھکے اور 6چوکوں کی مدد سے 32 رنز جوڑ کر فیصل طاہر کی گیند پر عثمان قادر کو کیچ دے بیٹھے۔

بعد ازاں آنے والے  بیٹسمین خرم منظور نے شاہ زیب کا بھر پور ساتھ دیا اور دونوں نے عمدہ اسٹروکس کھیلتے ہوئے 17ویں اوور کی چوتھی گیند پر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا، شاہ زیب نے 46گیندوں پر 68 رنز کی اننگ کھیلی جس میں4 خوبصورت چھکے اور 5دلکش چوکے بھی شامل تھے،خرم منظور نے4چوکوں کی مدد سے 40گیندوں پر 37 رنز کا حصہ ڈالا،واحد وکٹ فیصل طاہر کے ہاتھ لگی، پیر کو پورٹ قاسم اتھارٹی کی ٹیم زیڈ ٹی بی ایل  کے خلاف میدان میں اترے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔