کتابیں انسانی زندگی پرمثبت اثرات مرتب کرتی ہیں،ہاشم رضا

اسٹاف رپورٹر  پير 15 جولائ 2013
فریئر ہال میں قیمتی کتابیں کم دام پر دستیاب ہیں،کتابوں کے اتوار بازار کا دورہ۔ فوٹو : ایکسپریس/فائل

فریئر ہال میں قیمتی کتابیں کم دام پر دستیاب ہیں،کتابوں کے اتوار بازار کا دورہ۔ فوٹو : ایکسپریس/فائل

کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ کتابیں انسان کی بہترین دوست ہیں جو انسانی زندگی پرمثبت اثرات مرتب کرتی ہیں اور شعورو آگاہی کی دولت عطا کرتی ہیں۔

کتاب حصول علم کا بہترین ذریعہ ہے، کتابیں پڑھنے والے طبقے کی اکثریت انھیں خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتی اس لیے فریئر ہال میں کم قیمت کتابوں کا میلہ ہر اتوار کو سجایا جاتا ہے جہاں مختلف موضوعات پر انتہائی قیمتی اور نادر کتابیں بھی کم دام پر دستیاب ہیں، کتب بینوں کے لیے یہ سلسلہ آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا، وہ پرانی اور نادر کتابوں کے اتوار کتب بازار کے دورے کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے، اس موقع پر نیاز احمد، مسعود عالم، علی حسن اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، ہاشم رضا زیدی نے اس موقع پر کراچی کی تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی موضوعات پر مختلف کتابیں بھی خریدیں۔

انھوں نے کہا کہ کراچی ملک بھر کیلیے ترقی کا انجن ہے اور علمی و فکری ورثہ کا امین ہے، انھوں نے کہا کہ کتاب ہم سے نہیں جدا ہوئی بلکہ ہم کتاب سے جدا ہو گئے، بلدیہ عظمیٰ ایسے اقدامات کر رہی ہے کہ لوگوں کو اچھی اور عمدہ حالت میں سستے داموں کتابیں مل سکیں، واضح رہے کہ فریئر ہال میں1997 سے 2003 تک کتابوں کا بازار ہر اتوار کو لگتا تھا،7 سال بعد یہ اتوار بازار دوبارہ شروع کیا گیا ہے، یہ اتوار بازار ہر اتوار کی صبح 8 بجے سے لیکر شام تک جاری رہتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔