انوکھی کیفیت میں مبتلا خاتون جسے مردوں کی آواز سنائی نہیں دیتی!

ویب ڈیسک  ہفتہ 12 جنوری 2019
چینی خاتون جو صرف خواتین کی آواز سن سکتی ہیں جبکہ مردوں کا کہا گیا ایک لفظ بھی سمجھنے سے قاصر ہیں۔ فوٹو: فائل

چینی خاتون جو صرف خواتین کی آواز سن سکتی ہیں جبکہ مردوں کا کہا گیا ایک لفظ بھی سمجھنے سے قاصر ہیں۔ فوٹو: فائل

بیجنگ: چین سے ایک حیرت انگیز خبر آئی ہے کہ ایک خاتون ایسی کیفیت کی شکار ہوگئی ہیں کہ وہ خواتین کی آواز تو سن پاتی ہیں مگر مردحضرات کی آواز انہیں سنائی نہیں دیتیں یہاں تک کے وہ اپنے مرد دوست کی آواز بھی نہیں سن سکتیں۔

ذرائع ابلاغ نے خاتون کا نام مِس چین بتایا ہے جنہیں ایک رات قے اور کانوں میں سیٹیاں بجنے کی شکایت تھی اور جب وہ صبح بیدار ہوئیں تو مردوں کی آواز ان کے لیے ناقابلِ سماعت تھی یہاں تک کہ وہ اپنے دوست کی آواز بھی نہیں سن پارہی تھیں۔

جنوب مشرقی چینی علاقے ژیامن میں رہنے والی خاتون اس کے بعد ہسپتال گئیں تو ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ ’ریورس سلوپ‘ کے مرض میں مبتلا ہیں جس میں انسان کم فری کوئنسی کی آواز نہیں سن پاتا۔ یہ کیفیت پوری دنیا میں صرف 3 ہزار افراد میں ہی رپورٹ ہوئی ہے۔ اس کے شکار مریض مردوں کی آواز نہیں سن پاتے ہیں کیونکہ مرد دھیمی فری کوئنسی میں بات کرتے ہیں اور خواتین کی آواز میں لوچ کی وجہ سے ان کی فری کوئنسی بلند ہوتی ہے۔

ماہرین کے مطابق سماعت سے محرومی کی عام بیماری کے شکار افراد بلند فری کوئنسی سننے سے قاصر رہتے ہیں اور اس میں کیفیت الٹ ہوجاتی ہے یعنی وہ بچوں اور خواتین کی آواز نہیں سن پاتے ۔

ہسپتال میں جب ان خاتون کو لایا گیا تو ہر عورت کا ایک ایک لفظ سننے کے قابل تھیں لیکن مردوں کی آواز ان کی سماعت سے باہر تھی۔ ماہرین کے مطابق اس کی کئی وجوہ ہوسکتی ہیں جن میں جینیاتی کیفیات، وولفرم سنڈروم اور مونڈینی ڈسپلیسیا قابلِ ذکر ہیں۔

ماہرین کے مطابق خاتون شدید ذہنی تناؤ اور نیند کی شدید کمی کی شکار تھیں جس کی وجہ سے یہ عارضہ پیدا ہوا اور اسے جلد دور کیا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق خاتون کا علاج جاری ہے اور وہ تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔