سابق ایڈمنسٹریٹر رؤف اختر کو ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 12 جنوری 2019
کرپشن ریفرنس میں بابر غوری، جاوید حنیف، محمود شریف و دیگر ملزمان نامزد ہیں
فوٹو : فائل

کرپشن ریفرنس میں بابر غوری، جاوید حنیف، محمود شریف و دیگر ملزمان نامزد ہیں فوٹو : فائل

 کراچی:  احتساب عدالت نے کراچی پورٹ ٹرسٹ میں غیر قانونی بھرتیوں، کریشن اور غبن کے کرپشن ریفرنس میں گرفتار سابق ایڈمنسٹریٹر ملزم رؤف اختر فاروقی کو 21 جنوری تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

سپریم کورٹ اسلام آباد سے گرفتار سابق ایڈمنسٹریٹر ملزم رؤف اختر فاروقی کو عدالت میں پیش کیا گیا اس موقع پر نیب حکام ملزم پرمہربان نظر آئے اور گرفتاری کے باوجود نیب کی جانب سے ملزم کو وی آئی پی سہولتیں فراہم کی گئیں اور انھیں ہتھکڑی لگائے بغیر ہی عدالت میں لایا گیا ،پیشی سے قبل ہی ملزم کو پراسیکیوشن کے دفتر میں بٹھایا گیا سپریم کورٹ سے ضمانت مسترد ہونے پر ملزم رؤف اختر فاروقی کو گرفتار کیا تھا، اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ملزم رؤف اختر فاروقی کا 11 جنوری تک راہداری ریمانڈ منظور کیا تھا۔

ملزم رؤف اختر فاروقی سندھ ہائی کورٹ سے ضمانت مسترد ہونے پر فرار ہو گئے تھے، سابق وفاقی وزیر بابر غوری، جاوید حنیف و دیگرکے خلاف پونے 3 ارب روپے کرپشن ریفرنس نیب میں زیر سماعت ہے،ریفرنس میں بابر غوری سمیت 8 ملزمان کونامزد کیا گیا ہے دیگرملزمان رؤف اختر فاروقی، ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی جاوید حنیف، محمود شریف، شامل ہیں، نیب کے مطابق ملزمان پر 2012 میں کے پی ٹی میں 940 غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے،  ملزمان نے قومی خزانے کو 2 ارب 88 کروڑ 55 لاکھ 17 ہزار 8 سو انسٹھ روپے کا نقصان پہنچایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔