نجی اسکولز، کالجز میں چلنے والی وینز اور ڈرائیورزکا ڈیٹا طلب

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 12 جنوری 2019
ایک ہفتے قبل کراچی میں مدرسے کی وین میں آگ لگنے سے کئی طلبا جھلس گئے تھے
فوٹو: فائل

ایک ہفتے قبل کراچی میں مدرسے کی وین میں آگ لگنے سے کئی طلبا جھلس گئے تھے فوٹو: فائل

 کراچی:  صوبائی محکمہ اسکول ایجوکیشن نے کراچی سمیت سندھ بھرکے نجی اسکولوں اورکالجوں میں چلنے والی ٹرانسپورٹ کی ریگولیشن اورکنٹرول کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

یہ حکم نامہ صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کے ایک نوٹیفکیشن کے ضمن میں جاری کیا گیا ہے، ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ منصوب صدیقی کی جانب سے نجی اسکولوں کی انتظامیہ کو جاری کیے گئے ایک خط میں ان اداروں سے اسکولوں میں چلنے والی وینز اور ان کے ڈرائیورکا ڈیٹا طلب کیا گیا ہے، اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو ایک ’’پروفارما‘‘ بھی بھجوایا گیا ہے اور متعلقہ تعلیمی اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ 3 روز میں اپنے اداروں میں چلنے والی وینز اور ان کے ڈرائیور کا ڈیٹا شیئر کریں۔

ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ کی جانب سے جاری کیے گئے پروفارمے میں ’’ٹرانسپورٹ کی تفصیلات اور اس کے روٹس، ٹرانسپورٹ کے مالک کے کوائف، ڈرائیور،کنڈیکٹر، ہیلپر کے کوائف، متعلقہ افراد کی تصاویر، لائسنس اور گاڑیوں کے کاغذات کی تفصیلات‘‘ طلب کی گئی ہیں، واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل کراچی میں ایک مدرسے کی وین میں آگ لگنے کے واقعے سے کئی طلبہ جھلس گئے تھے جس کے بعد محکمہ کی جانب سے یہ اقدام کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔