نواز یا شہبازشریف کو نقصان ہواتو ذمہ دار وزیراعظم ہوں گے، احسن اقبال

ویب ڈیسک  ہفتہ 12 جنوری 2019
حکومت کے ہتھکنڈوں کا اچھی طرح مقابلہ کرنا جانتے ہیں، احسن اقبال فوٹو: فائل

حکومت کے ہتھکنڈوں کا اچھی طرح مقابلہ کرنا جانتے ہیں، احسن اقبال فوٹو: فائل

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اگر شہبازشریف یا نواز شریف کی صحت کو کوئی نقصان ہوا تو اس کے براہ راست ذمہ دار وزیراعظم ہوں گے۔

کوٹ لکھپت جیل لاہور کےباہر میڈیا سے بارتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان جعلی مینڈیٹ کےذریعے پاکستان سے انتقام لے رہے ہیں، مہنگائی عروج پر پہنچ گئی ہے، حکومت نے دوائیوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ عمران خان کی ایمانداری کا میک اپ اتر چکا ہے اور انہوں نے قوم کے چندوں سے بھی دھوکہ کیا ہے ،ڈیم کے نام پر 13ارب کے اشتہار لگا کر 9ارب اکھٹے ہوئے ،بیرون ملک پاکستانی بھی اس حکومت پر اعتماد نہیں کر رہے ، سرمایہ کار یا تو فرار ہو گیا ہے یا انڈر گراؤنڈ جا چکا ہے۔ 5سے 7لاکھ لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں۔آرمی چیف کو موجودہ حالات دیکھ کر میدان میں اترنا پڑا ہے  اور وہ خود تاجروں کو حوصلہ دے رہے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کو  دانستہ طور پر طبی سہولیات نہیں دی جا رہیں، یہ جیل قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ نواز شریف کو سردی کے موسم میں مناسب سہولتیں نہیں دی جا رہیں ، انہیں دل کا عارضہ لاحق ہے لیکن ان کے ذاتی معالج کو اجازت نہیں دی گئی ۔  شہباز شریف اور نواز شریف کی صحت کو کوئی نقصان ہوا تو اس کے براہ راست ذمہ دار وزیراعظم، سیکریٹری داخلہ اور جیل سپرنٹنڈنٹ ہوں گے۔ ہم اس سارے معاملے کو انتقامی ہتھکنڈے کہتے ہیں،ہم نے مشرف کی آمریت کو پاش پاش کیا عمران کی سلیکٹ حکومت کا مقابلہ کرنا ہمارا بائیں ہاتھ کا کام ہے۔ یہ حکومت ہٹلر کے زمانے کی یادیں تازہ کر رہی ہے ،ہماری حب الوطنی کو ہماری کمزوری نہ سمجھی جائے ، نواز شریف کو کچھ ہوا تو کراچی سے گوادر تک اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔