کسی کے ساتھ ظلم نہیں ہونے دیں گے، چیف جسٹس

ویب ڈیسک  ہفتہ 12 جنوری 2019
سپریم کورٹ نے وزیر ہاوسنگ میاں محمودالرشید کے بیان کی روشنی میں درخواست نمٹا دی فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے وزیر ہاوسنگ میاں محمودالرشید کے بیان کی روشنی میں درخواست نمٹا دی فوٹو: فائل

 لاہور: چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے ایل ڈی اے سٹی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ کسی کے ساتھ ظلم نہیں ہونے دیں گے۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے ایل ڈی اے سٹی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ وزیر ہاؤسنگ پنجاب محمود الرشید سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔

وزیر ہاؤسنگ کی جانب سے رپورٹ جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق ایل ڈی اے سٹی کی زمین ٹکروں کی صورت میں موجود ہے۔ 9 ہزار افراد کے پاس زمین کی فائلیں موجود ہیں جبکہ ساڑھے 13 ہزار کنال زمین کی تقسیم کی پلاننگ کرلی ہے، فیز 1 بنا کر متاثرین کو دیں گے۔

میاں محمود الرشید نے کہا کہ ایڈن سوسائٹی کے متاثرین خوار ہورہے ہیں۔ جس پر چیف جسٹس نے واضح کیا کہ ایڈن سوسائٹی کا کیس تو حل ہوچکا ہے۔ ایل ڈی اے سٹی میں لوگ پیسے دے کر بیٹھے ہیں لیکن انہیں زمین نہیں ملی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ نیب کی تلوار کیوں لوگوں کے سر پر لٹکا دی گئی ہے۔ نیب نے وکلا کی فیسوں کی چھان بین شروع کردی ہے۔ کسی کے ساتھ ظلم نہیں ہونے دیں گے۔ سپریم کورٹ نے وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید کے بیان کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔