دادی سے ملنے بھارت جانے والا 13 سال سے جیل میں قید

آصف محمود  ہفتہ 12 جنوری 2019
اس سال 25 فروری کو فہد کوبھارتی جیل میں قید ہوئے 13سال مکمل ہوجائیں گے، والدہ (فوٹو: فائل)

اس سال 25 فروری کو فہد کوبھارتی جیل میں قید ہوئے 13سال مکمل ہوجائیں گے، والدہ (فوٹو: فائل)

 لاہور: دادی کی خواہش پر ان سے ملنے کے لیے بھارت جانے والا کراچی کا محمد فہد گزشتہ 13سال سے بھارتی جیل میں قید ہے اوراس کا خاندان اس کی واپسی کی راہ دیکھ رہا ہے۔

نمائندہ ایکسپریس کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے رہائشی محمد فہد کی والدہ زبیدہ خانم کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا اپنی دادی کی خواہش پر ان سے ملنے جنوبی بھارت گیا جہاں اس پر مختلف مقدمات تھوپ دیئے گئے ہیں۔

فہد کی والدہ کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا فروری 2006ء میں اپنی دادی سے ملنے جنوبی بھارت کے علاقے کیلیکٹ گیا جہاں سے بھارتی فورسز نے اسے اپنی حراست میں لے لیا۔ ابتداء میں فہد پر دہشت گردی سمیت مختلف الزامات لگائے گئے لیکن وقتاً فوقتاً وہ الزامات غلط ثابت ہوتے گئے اور اب صرف ایک مقدمہ بچا ہے لیکن جس پولیس اہلکار نے مقدمہ درج کروایا وہ اس کی پیشی پرآ ہی نہیں رہا۔

فہد کی والدہ زبیدہ خانم کے مطابق وہ حکومت سمیت ہر فورم پر التجا کرچکی ہیں کہ ان کے بیٹے کو بھارت کی قید سے آزاد کروایا جائے لیکن تاحال اس کی مدد کسی نے نہیں کی۔اس موقع پر فہد کی والدہ نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ اس کی زندگی میں اس کے بیٹے کو چھڑوایا جائے تاکہ وہ اس کی شکل دیکھ سکے۔

زبیدہ خانم کا مزید کہنا تھا کہ اس سال 25 فروری کو فہد کوبھارتی جیل میں قید ہوئے 13سال مکمل ہوجائیں گے۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔