تاجر برادری سے کردار ادا کرنے کی صائب اپیل

ایڈیٹوریل  ہفتہ 12 جنوری 2019
بلاشبہ تاجر برادری نے امن کے قیام میں قربانیاں دی ہیں (فوٹو: فائل)

بلاشبہ تاجر برادری نے امن کے قیام میں قربانیاں دی ہیں (فوٹو: فائل)

کراچی کے تجارتی اور کاروباری حب میں قیام امن کا ہرکولین ٹاسک مکمل کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف تھا،  سیاسی کشیدگی، دہشت گردی عروج پر تھی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں نے کراچی کا چہرہ داغ دار کردیا تھا۔ شہر قائد کے سیاسی، سماجی اور معاشی حالات دگر گوں تھے، لہذا سیاسی و عسکری قیادت نے سنگین خطرات کا ادراک کرتے ہوئے راست اقدام کا دلیرانہ فیصلہ کر کے حالات کا رخ بدلا۔

جمعہ کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہر میں قیام کے دوران تاجر برادری سے اپیل کی کہ کاروباری طبقہ ملک میں معاشی استحکام کے لیے کردار ادا کرے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی کی تاجر برادری نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، جس میں ملک بالخصوص کراچی میں سلامتی کی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔

عسکری قیادت کی جانب سے شہر قائد میں تاجر برادری کو اپنا معاشی کردار ادا کرنے کی استدعا در حقیقت ٹارگیٹڈ امن آپریشن کے تقاضوں کے عین مطابق ہے، کراچی منی پاکستان ہے، جس کی دو کروڑ سے زاید آبادی کو گوناں گوں مسائل کا سامنا ہے جب کہ مسئلہ صرف دہشتگردی اور جرائم پر قابو پانا نہیں بلکہ شہر میں کاروباری اور تجارتی رونقیں لوٹانا بھی ہے، دشمن کراچی کی شہ رگ پر معاشی  ضرب کاری لگانے میں ناکام ہوچکا مگر اب بھی قانون شکن اور انتہاپسند عناصر شہر کو یرغمال بنانے کے ہولناک طریقے اپنانے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔

چینی قونصلیٹ پر حملہ اور دیگر دہشتگردانہ اور نقص امن کی کارروائیوں کا مقصد امن کے کاز کو نقصان پہنچانا ہے، شہر کو اسٹریٹ کرائمز کی گرفت سے نکالنا بھی ہے، پولیس اور رینجرز کے چھاپوں اور کرمنلز کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے پیش نظر آرمی چیف کا دورہ کراچی بر وقت ہے۔

آرمی چیف نے سیکیورٹی صورتحال میں بہتری سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری امن و امان کی صورتحال میں بہتری سے فائدہ اٹھائے اور معاشی استحکام کے لیے تعاون کرے۔ وفد نے قیام امن کے لیے پاک فوج کے کردار کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ معاشی استحکام کے لیے کردار ادا کریں گے۔ بلاشبہ تاجر برادری نے امن کے قیام میں قربانیاں دی ہیں۔ اب ضرورت کراچی کے پائیدار امن ، ہمہ گیر ترقی اور عوام کی خوشحالی کے اہداف کی تکمیل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔