لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج پرویز خٹک کا حق ہے، خورشید شاہ

آن لائن  پير 15 جولائی 2013
سب سے زیادہ لوڈشیڈنگ خیبرپختونخوا میں ہوتی ہے، حاجی عدیل، احتجاج کاجواز نہیں، جھگڑا۔ فوٹو: فائل

سب سے زیادہ لوڈشیڈنگ خیبرپختونخوا میں ہوتی ہے، حاجی عدیل، احتجاج کاجواز نہیں، جھگڑا۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویزخٹک کے بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کرنے کے حوالے سے کہا ہے کہ ظلم اور نا انصافی کیخلاف احتجاج کرنا ان کا جمہوری حق ہے، اگر وہ سمجھتے ہیں ان کے صوبے کے ساتھ نا انصافی ہورہی ہے تو احتجاج ٹھیک ہے۔

انھوں نے کہا کہ ماضی میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف مینار پاکستان پر ٹینٹ لگاکر بیٹھ گئے تھے۔ اب کیا پنجاب میں لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی ہے؟ اب وہ احتجاج کیوں نہیں کرتے؟۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر حاجی عدیل نے کہا کہ خیبر پختونخوا بجلی اور گیس پیدا کرتا ہے جبکہ سب سے زیادہ لوڈشیڈنگ بھی اسی صوبے میں ہوتی ہے، پانی ہم دیتے ہیں جبکہ ہمیں گندم وزیراعلیٰ پنجاب کی اجازت سے ملتی ہے۔

پرویزخٹک اگردیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کرنے کے بعد احتجاج کرتے تو بہتر تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا احتجاج کرنا جمہوری حق ہے تاہم انکے احتجاج کا جواز نہیں بنتا، وزیراعلیٰ پنجاب نے تو ظلم اور نا انصافی کیخلاف احتجاج کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔