بابراعظم نے اسٹین سے حفیظ کی رسوائی کاانتقام لے لیا

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 13 جنوری 2019
تیزترین ٹیسٹ ففٹی بنانے والے قومی کپتانوں کی فہرست میں سرفرازکا تیسرا نمبر
 فوٹو: فائل

تیزترین ٹیسٹ ففٹی بنانے والے قومی کپتانوں کی فہرست میں سرفرازکا تیسرا نمبر فوٹو: فائل

 لاہور:  بابر اعظم نے ڈیل اسٹین سے حفیظ کی رسوائی کاانتقام لے لیا وہ کسی ایک سیریزمیں پروٹیز پیسرکو سب سے زیادہ 21چوکے لگانے والے بیٹسمین بن گئے۔

سرفراز احمد تیزترین ٹیسٹ ففٹی بنانے والے کپتانوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے،اولیور نے 3میچز کی سیریز میں سب زیادہ 21وکٹیں حاصل کرنے کا قومی ریکارڈ بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق بابر اعظم کسی ایک سیریزمیں ڈیل اسٹین کو سب سے زیادہ چوکے لگانے والے بیٹسمین بن گئے،انھوں نے جنوبی افریقہ پیسر کی21گیندوں کو باؤنڈری کی سیر کرائی،اس سے قبل اسٹین کو کبھی سی سیریز میں ایک ہی بیٹسمین کے ہاتھوں اس طرح پٹائی برداشت نہیں کرنا پڑی تھی، بابر اعظم نے مجموعی طور پر ابھی تک ڈیل اسٹین کی 78 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 92 رنز بنائے ہیں،ان کا اسٹرائیک ریٹ 117.94رہا، یاد رہے کہ گزشتہ سیریز میں پیسر محمد حفیظ کیلیے خوف کی علامت بنے رہے تھے اور وہ باربار انہی کی گیندوں پر آؤٹ ہوئے۔

دوسری جانب سرفراز احمد نے جوہانسبرگ ٹیسٹ کے دوسرے روز  38گیندوں پر 50رنز مکمل کیے،یوں وہ  تیزترین ٹیسٹ ففٹی بنانے والے پاکستانی کپتانوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے، اس سے قبل مصباح الحق نے آسٹریلیا کیخلاف صرف 21گیندوں پر یہ سنگ میل عبور کرلیا تھا، وسیم اکرم بھی کینگروز کیخلاف 1999میں 35گیندوں پر 50رنز بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔ دریں اثنا جوہانسبرگ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان کے 5 شکار کرنے والے پروٹیز بولر اولیور نے 3میچز پر مشتمل سیریز میں سب زیادہ 21وکٹیں حاصل کرنے کا قومی ریکارڈ اپنے نام کرلیا، اس سے قبل ڈیل اسٹین نے 2013میں 20پلیئرزکو پویلین بھیجا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔