کراچی میں 2 نئے کرکٹ اسٹیڈیمز بنانے کی تجویز

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 13 جنوری 2019
کراچی ہائی پرفارمنس سینٹر میں نوجوان کرکٹرز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرینگے  فوٹو: فائل

کراچی ہائی پرفارمنس سینٹر میں نوجوان کرکٹرز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرینگے فوٹو: فائل

 لاہور: وسیم باری نے کراچی میں زیادہ گنجائش والے 2 نئے اسٹیڈیمز بنانے کی تجویز پیش کردی۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کے سلیم خالق کو خصوصی انٹرویو میں سابق کپتان نے کہاکہ پاکستان میں کرکٹ کو کسی مارکیٹنگ کی نہیں بلکہ سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے، پی ایس ایل اور ویسٹ انڈیز سے سیریز کے دوران تماشائیوں نے سیکیورٹی کی وجہ سے مشکلات کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا اور بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، کافی شائقین باہر بھی رہ گئے، میرے خیال میں نارتھ اور ساؤتھ میں 60ہزار کی گنجائش والے 2 اسٹیڈیم بنانے کی ضرورت ہے،انھوں نے کہا کہ اپنے کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کا کوئی نعم البدل نہیں، آسٹریلیا سے سیریز کے چند میچ کراچی میں کرانے کی کوشش کامیاب ہوگئی تو انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا عمل مزید تیز ہوجائے گا۔

دریں اثنا وسیم باری کا کہنا ہے کہ کراچی ہائی پرفارمنس سینٹر میں نوجوان کرکٹرز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرینگے، بڑے کھلاڑی گراؤنڈ میں کارکردگی دکھانے سے ہی بنتے ہیں لیکن ان کو بنیادی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلیے اکیڈمی میں اچھی ٹریننگ اور ماحول فراہم کرنا ضروری ہے، انھوں نے کہا کہ ہائی پرفارمنس سینٹر میں اسکولز اور کلبز کو بھی سہولیات فراہم کریں گے،یہاں 18پچز موجود ہیں،اینٹی کرپشن اور آئی سی سی قوانین سے آگاہی کیلیے لیکچرز بھی دیے جائیں گے،کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط بنانے کیلیے میں خود بھی لیکچرز دوں گا، دیگر کرکٹرز کو بھی مدعو کیا جائے گا، ہم نوجوان کرکٹرز کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلیے اپنا تجربہ منتقل کرنے کی کوشش کریں گے، حنیف محمد سے منسوب اکیڈمی کا نام تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیرغورنہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔