مہمند ڈیم کاسنگ بنیاد رکھنے کی تاریخ پھرتبدیل

رضوان غلزئی  اتوار 13 جنوری 2019
 فیصل واوڈا نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد ہر صورت 13 جنوری کو رکھنے کا اعلان کیا تھا  فوٹو:فائل

فیصل واوڈا نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد ہر صورت 13 جنوری کو رکھنے کا اعلان کیا تھا فوٹو:فائل

 اسلام آباد: مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تاریخ ایک بار پھر تبدیل کردی گئی وزیراعظم عمران خان اور وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں ڈیم کا سنگ بنیاد 17 جنوری کے بعد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر آبی وسائل نے وزیراعظم کو ڈیم کے سنگ بنیاد کے معاملے میں پائے جانے والے اختلاف رائے سے آگاہ کیا۔ واپڈا حکام کا کہنا ہے کہ واپڈا سنگ بنیاد کی تقریب کیلیے بالکل تیار ہے، وزیراعظم آفس سے جب بھی کہا جائیگا ہم ڈیم کا سنگ بنیاد کروا دیں گے۔ واپڈا 2 فروری کو ہی مہمندڈیم کا سنگ بنیاد رکھنا چا رہاہ تھا۔ وزیر اعظم عمران خان اور فیصل واوڈا کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں طے پایا کہ 13 جنوری کو ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنا مناسب نہیں، وزیراعظم نے فیصل واوڈا کو ہدایت کہ ڈیم کے ٹھیکے سے متعلق پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کیا جائے، شفافیت کو یقینی بنانے کے بعد ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا جائے۔

ذرائع وزارت آبی وسائل کے مطابق وزیراعظم کی طرف سے ٹھیکے پر اٹھنے والے سوالات پر بریفنگ طلب کرلی گئی ہے۔ یاد رہے کہ فیصل واوڈا نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد ہر صورت 13 جنوری کو رکھنے کا اعلان کیا تھا تاہم ڈیم کے سنگ بنیاد کے حوالے سے پائے جانیوالے اختلاف کے بعد تقریب دوسری مرتبہ ملتوی کردی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔