مری اور گلیات میں برفباری سے موسم شدید سرد، کئی علاقوں میں بارش

نمائندگان ایکسپریس  اتوار 13 جنوری 2019
 سب سے کم درجہ حرارت بگروٹ میں منفی 09 اور مری میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، فوٹو آن لائن

سب سے کم درجہ حرارت بگروٹ میں منفی 09 اور مری میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، فوٹو آن لائن

 اسلام آباد:  راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں میں رات گئے ہونے والی بارش کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی جبکہ مری اور گلیات میں آسمان سے روئی کے برستے گالوں نے ہر چیز کو حسین بنا دیا۔

بارش سارادن وقفے وقفے سے جاری رہی۔ اطلاعات کے مطابق مری میں اب تک ایک فٹ کے قریب برف پڑ چکی ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر علاقوں، بالاکوٹ مظفرآباد، کراچی، راولاکوٹ اور ایبٹ آباد میں رات گئے ہونے والی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ دوسری جانب بالاکوٹ، ناران، کاغان اور ٹھنڈیانی میں برفباری ہوئی ہے۔ پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آج (اتوار کے روز) مو سم سرد اور خشک ر ہنے کے ساتھ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور، گوجرانوالہ، اسلام آباد، پشاور، مردان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

ہفتے کے روز لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم اپنا رنگ بدلتا رہا، سب سے کم درجہ حرارت بگروٹ میں منفی 09 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، دیگر علاقوں میں اسکردو و استور منفی 08، کالام، ہنزہ منفی 06،مالم جبہ منفی 05، پارہ چنار منفی 04، مری میں منفی 02، گلگت منفی 02، قلات میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 3، لاہور 7 ،فیصل آباد 6 ،ملتان 10 ،پشاور 4اور کراچی میں 19ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ادھر مری ٹریفک پولیس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ مری میں گذشتہ رات وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس نے کہاکہ مری میں جمعے سے اب تک 39 ہزار 7سو سے زائد گاڑیاں داخل ہو چکی ہیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس نے کہاکہ مری ٹریفک پولیس سخت برف باری میں سیاحوں کو ٹریفک کی سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سیاح معاونت اور مدد کے لیے ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 0519269200 پر رابطہ کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔