ایکسپریس فورم، اووسیز پاکستانی عمران کیساتھ ہیں، طارق جاوید

اجمل ستار ملک  اتوار 13 جنوری 2019
عمران کو ڈوبتی کشتی ملی، 6 ماہ میں معیشت مستحکم ہو جائے گی، کامران ملک

عمران کو ڈوبتی کشتی ملی، 6 ماہ میں معیشت مستحکم ہو جائے گی، کامران ملک

 لاہور: تحریک انصاف یورپ کے مرکزی رہنما و پی ٹی آئی اوورسیز کے سابق میڈیا ایڈوائزر میاں طارق جاوید نے کہا کہ علیمہ خان کی کردار کشی کی جا رہی ہے کیونکہ وہ عمران خان کی بہن  ہیں، علیمہ خان نے کبھی پبلک آفس ہولڈ کیا نہ کرپشن کی بلکہ وہ منی ٹریل بھی سپریم کورٹ میں جمع کراچکی ہیں۔

وہ نئے پاکستان میں وہی کردار ادا کر رہی ہیں جو فاطمہ جناحؒ نے کیا۔ نمل یونیورسٹی اور شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ کا نظام انتہائی شفاف ہے، تمام ریکارڈ ویب سائٹ پر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی عمران خان کیساتھ کھڑے ہیں ہر ممکن تعاون کر رہے ہیں۔ عمران خان کو ڈوبتی ہوئی کشتی ملی جسے سنبھالا دینے کیلیے وہ دن رات کام کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ’’ایکسپریس فورم‘‘ میں کیا۔ پی ٹی آئی کے رہنما کامران ملک بھی موجود تھے جبکہ فورم کی معاونت کے فرائض احسن کامرے نے سرانجام دیئے۔ میاں طارق نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی کل بھی عمران خان کے ساتھ تھے آج بھی ساتھ ہیں، ہم نے عمران خان کے وزیراعظم بننے کے بعد اطمینان کا سانس لیا ہے۔

مہاتیر محمد جیسے لیڈر نے کہا کہ وہ عمران خان سے متاثر ہیں، وہ پاکستان بھی آئیں گے۔ گرین پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہوا، اب امریکاکیساتھ تعلقات غلام ، آقا والے نہیں بلکہ برابری کے ہونگے۔

وزیراعظم نے ڈیم فنڈ کیلئے اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کی جس کا خیرمقدم کرتے ہوئے یورپ کی تاریخ میں ریکارڈ پیسہ بھیجا گیا، لندن کے دو پروگراموں میں 4 ملین پاؤنڈ جمع ہوئے جبکہ دیگر فنڈ ریزنگ اس کے علاوہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں یورپ ، مڈل ایسٹ ، جاپان، کوریا وغیرہ میں فنڈ ریزنگ کی بنیاد رکھنے والا ہوں، علیمہ خان کی دبئی پراپرٹی کے سامنے آنے پر عمران خان نے خود کہا کہ انکوائری کی جائے۔ کامران ملک نے کہا کہ 22 سالہ جدوجہد کے بعد عمران خان کو اقتدار ملا، وہ پاکستان کو عظیم ملک اور مدینہ جیسی ریاست بنانا چاہتے ہیں، عمران خان ہر منصوبے میں عام آدمی کا سوچتے ہیں، شیلٹرہومز بہترین منصوبہ ہے جس سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔