اختلافات سے خلیجی ممالک اپنے دشمنوں کو فائدہ پہنچارہے ہیں، مائیک پومپیو

ویب ڈیسک  اتوار 13 جنوری 2019
امریکی وزیر خارجہ کی دوحا میں قطری ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس، فوٹو: فائل

امریکی وزیر خارجہ کی دوحا میں قطری ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس، فوٹو: فائل

دوحا: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے امریکا کی اتحادی خلیجی ریاستوں میں  تنازعات ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آپس کے مسائل کو دور کرنا ہوگا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مائیک پومپیو خلیج اور عرب میں  امریکی اتحادی ریاستوں کے درمیان اختلاف دور کرنے کے مشن پر ابوظہبی سے دوحا پہنچے۔ امریکی وزیر خارجہ  کےان دوروں کا ایک مقصد علاقائی سطح پر ایران کے خلاف حمایت حاصل کرنا بھی ہے۔

قطری وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان سے ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس میں مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ قطر اور اس کے پڑوسی ممالک میں تناؤ طوالت اختیار کرچکا ہے اور خلیجی ریاستوں کی جانب سے دوحا کا بائیکاٹ اب 19 ویں ماہ میں داخل ہو رہا ہے، اس سفارتی تنازع سے خود سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین ، مصر اور قطر اپنے دشمنوں کو فائدہ پہنچارہے ہیں۔

پومپیو نے کہا کہ ہم اس وقت زیادہ طاقت ور ہوں گے جب مل کر کام کریں گے اور ہمارے تنازعات کم سے کم ہوں گے، جب ہمارے چیلنجز مشترکہ ہیں تو آپس کی لڑائی یا تناؤ ہدف کے حصول میں کبھی مددگارثابت نہیں ہوں گے۔

امریکی وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ سعودی فرماں رواں شاہ سلمان سے ملاقات میں وہ مقتول صحافی خاشقجی کے قاتلوں کو ان کے کیے گئے جرم کی سزا دینے کو یقینی بنانے پر زور دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔