(ن) لیگ کارکنوں کی بڑی تعداد سینٹرل جیل لانے میں ناکام

اسد صہیب  اتوار 13 جنوری 2019
کارکنان کی کم تعداد آنے پر حمزہ شہباز نے نوٹس لیتے ہوئے رہنماؤں سے وضاحت طلب کرلی (فوٹو: فائل)

کارکنان کی کم تعداد آنے پر حمزہ شہباز نے نوٹس لیتے ہوئے رہنماؤں سے وضاحت طلب کرلی (فوٹو: فائل)

لاہور کو اپنا سیاسی گڑھ قرار دینے والی مسلم لیگ (ن) کارکنان کو متحرک کرنے میں ناکام رہی، نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لیے کم تعداد میں کارکنان کی آمد پر حمزہ شہباز نے نوٹس لیتے ہوئے رہنماؤں سے وضاحت طلب کرلی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لیے مسلم لیگ (ن) نے ہفتے کے روز کارکنان کو سینٹرل جیل کے باہر پہنچنے کی ہدایت کی تھی تاہم ہزاروں کے بجائے صرف 400 کے قریب کارکنان پہنچ سکے جس کا حمزہ شہباز نے نوٹس لیتے ہوئے لاہور کی قیادت سے وضاحت مانگ لی۔

ایک پارٹی رہنما نے نام نہ بتانے کی شرط پر کہا کہ لاہور کی 274 یونین کونسلز میں سے 13 کے سوا تمام میں مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی نمائندے موجود ہیں جبکہ 30 میں سے 24 اراکین پنجاب اسمبلی اور 10 اراکین قومی اسمبلی کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے لیکن ان میں سے بھی اکثریت احتجاج میں شریک نہیں ہوئی جس پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت پریشان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔