استانی نے جماعت کے تمام بچوں کی تصاویر بنا کر سب کو حیران کردیا

ویب ڈیسک  پير 14 جنوری 2019
فلپائن میں انگریزی کی استانی نے اپنے تمام بچوں کے خوبصورت پورٹریٹ بنا کر انہیں حیران کردیا (فوٹو: بشکریہ بی بی سی)

فلپائن میں انگریزی کی استانی نے اپنے تمام بچوں کے خوبصورت پورٹریٹ بنا کر انہیں حیران کردیا (فوٹو: بشکریہ بی بی سی)

منیلا: فلپائن کے ایک اسکول کی نویں جماعت کے بچے کرسمس کی چھٹیوں کے بعد جب اسکول پہنچے تو کلاس میں ہر ڈیسک پر موجود ہر بچے کی تصویر دیکھ کر پوری کلاس حیران رہ گئی۔

فلپائن کے شہر سابویاؤ کے ریڈیمر اسکول میں انگریزی پڑھانے والی مس روزلین برکوما نے پورے ماہِ دسمبر خاموشی سے اپنے طالب علموں کی تصاویر بنانے کا کام جاری رکھا یہاں تک کہ موسمِ سرما اور کرسمس کی چھٹیوں تک وہ تمام 27 طلبا کی تصاویر بنا چکی تھیں۔

چھٹیوں کے بعد روزلین اسکول جلدی آگئیں اور ہر بچے کی ڈیسک کے آگے اس کا پورٹریٹ رکھ دیا۔ جب بچوں نے اپنی اپنی تصاویر کو دیکھا تو پہلے تو وہ ششدر رہ گئے اور اس کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی استانی کا شکریہ ادا کیا۔

35 سالہ استانی روزلین چھٹی سے نویں جماعت تک کے بچوں کو اسکول میں انگریزی پڑھاتی ہیں۔ انہیں اوائل عمر سے ہی تصاویر بنانے کا شوق رہا ہے اور وہ کامک فن کار بننا چاہتی تھیں۔ استانی روزلین اپنی اس محنت پر خوش ہیں اور ان کے طالب علموں سے محبت کے اس عمل کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے۔

فیس بک پر روزلین کی تصاویر کو ہزاروں لاکھوں افراد نے دیکھا اور شیئر کیا۔ روزلین چاہتی تھیں کہ وہ اپنے محبوب طالب علموں کو کوئی ذاتی نوعیت کا ایسا تحفہ دیں جس سے بچوں کو پڑھنے کی جانب رغبت مل سکے۔ جب بچوں کے چہرے پر مسکراہٹ دیکھی گئی تو وہ بہت مسرور دکھائی دیں۔

طلبا کے مطابق وہ بہت دلچسپی سے پڑھاتی ہیں، کمرہ جماعت میں بچوں کو تدریس کے دوران لطائف بھی سناتی ہیں لیکن پڑھائی کے مقابلے میں وہ بہت سخت ثابت ہوئی ہیں اور بچے ان سے ڈرنے کے باوجود انسیت رکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔