بھارت میں پاکستانی سفارت کار کو گرفتار کرلیا گیا

ویب ڈیسک  اتوار 13 جنوری 2019
پاکستانی سفارتی اہل کار کو زبردستی حبس بجا میں رکھا گیا، سفارتی ذرائع (فوٹو: فائل)

پاکستانی سفارتی اہل کار کو زبردستی حبس بجا میں رکھا گیا، سفارتی ذرائع (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: بھارت میں پاکستانی سفارت کار کو گرفتار کرلیا گیا تاہم پاکستان کے احتجاج کے بعد رہا کردیا گیا۔

جنگی جنون میں مبتلا بھارت سفارتی آداب بھی بھول گیا، انتہا پسندوں کے ہاتھوں یرغمال مودی حکومت نے سفارتی آداب کی ایک بار پھر دھجیاں اڑا دیں، سفارتی عملے اور ان کے اہل ِ خانہ کو تنگ کرنے اور بدتمیزی کے واقعات کے بعد سفارت کار کو گرفتار کرلیا گیا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت میں ایک پاکستانی سفارتکار کو آج گرفتار کیا گیا جس پر پاکستانی حکام نے معاملہ فوراً نئی دہلی میں بھارتی حکام سے اٹھایا، معاملہ اٹھائے جانے کے بعد پاکستانی سفارتکار کو چھوڑ دیا گیا۔

ذرائع نے کہا کہ پاکستانی سفارتی اہلکار کو زبردستی حبس بجا میں رکھا گیا اور اس دوران  ایک ڈاکومنٹ پر سفارتکار کے زبردستی دستخط کرائے گئے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے سفارتی اہلکار کی گرفتاری اور ویانا کنونشن کی خلاف ورزی پر بھارت سے شدید احتجاج کیا گیا اور باور کرایا گیا کہ پاکستان ایسی حرکت پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔