محکمہ اینٹی کرپشن نے انٹر بورڈ کے ریکارڈ کی چھان بین شروع کردی

صفدر رضوی  پير 14 جنوری 2019
عارضی ناظم امتحانات شجاعت ہاشمی کے خلاف اینٹی کرپشن پہلے ہی انکوائری کر رہا ہے
 فوٹو : ایکسپریس

عارضی ناظم امتحانات شجاعت ہاشمی کے خلاف اینٹی کرپشن پہلے ہی انکوائری کر رہا ہے فوٹو : ایکسپریس

 کراچی: ناظم امتحانات کی عدم تقرری کے سبب انٹر بورڈ کراچی میں حالات دگرگوں ہوگئے اور صوبائی محکمہ اینٹی کرپشن نے بورڈ سے سال 2018 میں اسکروٹنی کی بنیاد پر ریکارڈکی چھان بین بھی شروع کردی گئی ہے اور اس سلسلے میں انٹر میڈیٹ مطالعہ پاکستان کے مضمون کی اسکروٹنی کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔

بورڈ انتظامیہ کو محکمہ اینٹی کرپشن کو کی جانب سے باقاعدہ خط موصول ہوگیا ہے۔ چیئرمین بورڈ انعام احمدنے ایکسپریس کے رابطہ کرنے پر محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے انکوائری کی تصدیق کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں مزید تفصیلات عارضی بنیاد پر کام کرنے والے ناظم امتحانات شجاعت ہاشمی ہی کچھ بتا سکتے ہیں۔ شجاعت ہاشمی سے رابطے کی کوشش کی گئی تاہم وہ رابطہ کرنے سے گریزکرتے رہے۔ قابل ذکرامریہ ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن نے ایک ایسے ناظم امتحانات سے اسکروٹنی کی انکوائری شروع کی ہے، جن کا کیس خود حتمی چالان کی صورت میں محکمہ اینٹی کرپشن میں موجود ہے شجاعت ہاشمی کا شمار بورڈ کے ان افسران میں ہوتا ہے جن کے خلاف اینٹی کرپشن پہلے ہی انکوائری کررہا ہے۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ انٹرکامرس کے طلبا کی بڑی تعداد مطالعہ پاکستان کے پرچے میں فیل ہوگئی تھی جس کی تصدیق چیئرمین بورڈ نے بھی کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں کاپی چیک کرنے والے اساتذہ بلکہ سوالیہ پرچے کے کچھ ایشوز تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔