ایف پی سی سی آئی کے وفد کا گوادر فری زون کا دورہ

بزنس رپورٹر  پير 14 جنوری 2019
چینی حکومت سے 6 فیصد امپورٹ ڈیوٹی کے خاتمے کی سفارش کریں گے، ژہنگ باؤژنگ
 فوٹو: فائل

چینی حکومت سے 6 فیصد امپورٹ ڈیوٹی کے خاتمے کی سفارش کریں گے، ژہنگ باؤژنگ فوٹو: فائل

 کراچی:  ایف پی سی سی آئی کے اعلیٰ سطحی وفد ، کاروباری شخصیات جن کا تعلق صنعتی پیداوار، امپورٹ، ایکسپورٹ، بینکنگ سیکٹر سے تھا کے علاوہ سابق ایف پی سی سی آئی کے اعلیٰ عہدیداران نے گوادر فری زون کا دورہ کیا۔

وفد میں چیئرمین عارف حبیب گروپ عارف حبیب، چیئرمین صدیق سنز لمیٹڈ طارق رفیع، چیئرمین ڈالمن گروپ ندیم ریاض، صدر عسکری بینک عابد ستار اور سینیئر نائب صدر عسکری بینک خورشید ظفر، سابق سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی خالد تواب اور میری ٹائم سیکٹر کی ممتاز شخصیت اور سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق حلیم شامل تھے۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر دارو خان اچکزئی کے مطابق وفد نے ژہنگ باؤژنگ (چیئرمین چائنا اوور سیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ) سے ملاقات کی۔  اس موقع پر شہزاد سلطان جنرل منیجر چائنا اوور سیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ نے وفد کو بریفنگ دی۔ بعد ازاں دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین کی جانب سے ان امور پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی گئی کہ گوادر فری زون میں بجلی زر تلافی کے نرخ پر فراہم کی جائے گی، پانی مستقل بنیادوں پر فراہم کیا جائے گا، تمام بنیادی سہولتیں مثلاًا انفرا اسٹرکچر، رہائش اور یوٹیلٹی کی فراہمی چائنا اوور سیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کی ذمہ داری ہوگی۔ انڈسٹریز کو گیس کی فراہمی بھی کمپنی کی ذمہ داری ہوگی۔ علاوہ ازیں باؤژنگ نے یقین دہانی کرائی کہ فری زون میں ایکسپورٹ انڈسٹریز کے قیام کی صورت میں وہ چینی حکومت سے 6 فیصد امپورٹ ڈیوٹی کے خاتمے کی سفارش کریں گے جیسا کہ دیگر مشرق وسطیٰ کے ممالک مثلاً ویت نام کو رعایت دی ہے۔ چیئرمین صدیق سنز لمیٹڈ طارق رفیع نے آمادگی کا اظہار کیا کہ اگر 6 فیصد امپورٹ ڈیوٹی ختم کردی جائے تو وہ ایک فیکٹری گوادر فری زون میں قائم کریں گے۔ وفد نے ایف پی سی سی آئی کے گوادر آفس کا بھی دورہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔