فیصل آباد اور ملتان سے 39 کروڑ روپے کی بجلی اور گیس چوری پکڑی گئی

ویب ڈیسک  پير 15 جولائی 2013
ملتان میں صنعتیں بجلی چوری میں ملوث نہیں ہیں، جی ایم آپریشن میپکو  فوٹو: فائل

ملتان میں صنعتیں بجلی چوری میں ملوث نہیں ہیں، جی ایم آپریشن میپکو فوٹو: فائل

ملتان / فیصل آباد: وزیر اعظم کی اسپیشل ٹاسک فورس نے فیصل آباد اور ملتان میں 39 کروڑ روپے سالانہ کی گیس اور بجلی چوری پکڑلی۔

فیصل آباد میں وزیر اعظم کی تشکیل کردہ اسپیشل ٹاسک فورس نے جھنگ روڈ پر واقع ٹیکسٹائل مل میں سالانہ 27 کروڑ کی گیس چوری پکڑ کر اسے سیل کردیا اور ٹیکسٹائل مل کے مالک ملک انور اور 2 ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، مینیجر عبدالحق اور سپروائزر غلام نبی گرفتار جبکہ مالک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سیل کی جانے والی مل کا دورہ کیا اور گیس چوری پکڑنے پر متعلقہ حکام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گیس چوروں کی وجہ سے پورے ملک کو بحران کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہٰذا ان کو پکڑنے کے لیے متعلقہ حکام کی مدد کرنا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر ملتان میں بھی بجلی اور گیس چوری کے خلاف آپریشن جاری ہے، گیس اور واپڈا کے اہلکاروں نے پولیس کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے نفیس پیپر ملز کی بجلی اور گیس کی چوری پکڑ لی جنہیں ڈیڑھ کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ دھنک انڈسٹری میں بھی گیس چوری کی جاری تھی جس کا تمام سامان قبضےمیں لے لیا گیا۔ جی ایم آپریشن میپکو عبد المتین نے دعویٰ کیا ہے کہ ملتان میں صنعتیں بجلی چوری میں ملوث نہیں ہیں جبکہ میپکو نے گزشتہ ہفتے ہی صنعتی ایریا سے 15 کروڑ سے زائد کی بجلی چوری پکڑی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔