ریلوے پولیس ملازمین کے اسکیل اپ گریڈ، تنخواہیں بڑھانے کا فیصلہ

بلال غوری  پير 14 جنوری 2019
فنانس ڈویژن نے فنڈز کی کمی کا بہانہ بنادیا،ملازمین کی ترقی آئندہ سال کرنے کی تجویز
فوٹو : اے ایف پی

فنانس ڈویژن نے فنڈز کی کمی کا بہانہ بنادیا،ملازمین کی ترقی آئندہ سال کرنے کی تجویز فوٹو : اے ایف پی

 لاہور: وزارت ریلوے نے ملک بھر کے ریلوے پولیس ملازمین کے اسکیل اپ گریڈ اور تنخواہیں اسلام آباد پولیس کے برابر کرنے کیلیے سمری منظوری کیلیے وزایرعظم سیکریٹریٹ کو بھجوادی ہے جبکہ فنانس ڈویژن نے ریلوے پولیس ملازمین کو پہلے مرحلے میں 2008میں دیے جانے والا پے اسکیل 100 فیصد دینے اور ٹی اے تنخواہ میں ہی فکس کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ریلوے پولیس ملازمین کو 2008 میں پے اسکیل صرف 50 فیصد دیا گیا تھا۔

دوسرے مرحلے میں فنانس ڈویژن نے آئندہ سال ملازمین کے اسکیل اپ گریڈ کرنے کا کہا ہے۔فنانس ڈویژن کی جانب سے یہ فیصلہ فنڈز کی کمی کے باعث کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے پولیس ملازمین کی تنخواہیں اور اسکیل دیگر پولیس فورس جن میں موٹروے پولیس، پنجاب پولیس اور اسلام آباد پولیس ملازمین کے مقابلے میں انتہائی کم ہیں جس کو دیکھتے ہوئے وزارت ریلوے نے ملک بھر کے تمام پولیس ملازمین کی نہ صرف تنخواہیں دیگر پولیس فورس کے برابر کرنے کا فیصلہ کیا ہے بلکہ انکے اسکیل بھی اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے وزارت ریلوے کی جانب سے فنانس ڈویژن کو ریلوے پولیس ملازمین کا کیس بھجوایا گیا جس پر فنانس ڈویژن نے فنڈز کی کمی کا رونا روتے ہوئے ریلوے پولیس ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے اور اسکیل اپ گریڈ 2مرحلوں میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔