سب سے زیادہ بجلی چور پشاور، کوئٹہ، حیدرآباد اور سکھر میں ہیں، وزیر توانائی

ویب ڈیسک  پير 14 جنوری 2019
ملک میں کہیں لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی بلکہ لوڈ منیجمنٹ کی جارہی ہے، عمر ایوب فوٹو:فائل

ملک میں کہیں لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی بلکہ لوڈ منیجمنٹ کی جارہی ہے، عمر ایوب فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ پشاور، کوئٹہ، حیدرآباد اور سکھر ریجنز میں سب سے زیادہ بجلی چوری ہوتی ہے۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں نجی بجلی گھروں انڈی پینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کو اضافی ادائیگیوں کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی جس میں وزیر توانائی عمر ایوب عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے بعد وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کہیں لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی اور جن علاقوں میں بجلی کی بندش کی جارہی ہے وہ لوڈشیڈنگ نہیں بلکہ لوڈ منیجمنٹ ہے، جبکہ پشاور، کوئٹہ، حیدرآباد اور سکھر ریجنز میں سب سے زیادہ بجلی چور ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ میں آئی پی پیز معاہدوں سے متعلق مفصل رپورٹ طلب

عمر ایوب نے کہا کہ گیس نہ ہونے کی وجہ سے مجبورا بجلی گھروں کو فرنس آئل پر چلایا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں مہنگی بجلی پیدا ہو رہی ہے اور اس کا بوجھ قومی خزانے پر پڑ رہا ہے، بجلی کا گردشی قرضہ بھی ہمیں ورثے میں ملا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔