نیب نواز شریف کے خلاف کوئی بھی الزام ثابت نہیں کرسکا، ترجمان (ن) لیگ

ویب ڈیسک  پير 14 جنوری 2019
محمد نواز شریف کے خلاف آج تک ایک روپے کی کرپشن، کِک بیک اور مس یوز آف اتھارٹی ثابت نہیں ہو سکی، مریم اورنگزیب: فوٹو: فائل

محمد نواز شریف کے خلاف آج تک ایک روپے کی کرپشن، کِک بیک اور مس یوز آف اتھارٹی ثابت نہیں ہو سکی، مریم اورنگزیب: فوٹو: فائل

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور شریف خاندان نے 3 نسلوں اور 3 دہائیوں کے ذاتی کاروبار کا حساب دیا لیکن نیب نواز شریف کے خلاف کوئی بھی الزام ثابت نہیں کر سکی۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اللہ تعالیٰ کا شکرادا کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہر امتحان سے سرخرو ہوں گے کیونکہ اُن کی نیت صاف ہے، نواز شریف اور شریف خاندان نے 3 نسلوں اور 3 دہائیوں کے ذاتی کاروبار کا حساب دیا، ملک کو ایٹمی اور معاشی قوت بنایا، پاکستان کے نوجوانوں کو روشن مستقبل کی اُمید دی اور دن رات نیک نیتی، ایمانداری اور دیانتداری سے ملک اور قوم کی خدمت کی ہے۔

اس خبرکو بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا فیصلہ درست ہے، فواد چوہدری

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف نے اربوں روپے کے منصوبے لگائے، بدترین مخالف ایک روپے کی کرپشن کا الزام تک نہ لگا سکے، نواز شریف اورشریف خاندان پرسرکاری پیسوں کے خرد برد اور کرپشن کا ایک بھی الزام ثابت نہ ہوسکا اور نیب محمد نواز شریف کے خلاف کوئی بھی الزام ثابت نہیں کرسکا۔ نواز شریف کے خلاف آج تک ایک روپے کی کرپشن، کِک بیک اور اختیارات کا ناجائز استعمال ثابت نہیں ہو سکا،مفروضوں پر مبنی کیس قانون کے کٹہرے میں زیادہ دیر تک نہیں رہ سکتا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطلی سے متعلق نیب کی اپیل خارج کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔