جے آئی ٹی صرف بہانہ ہے سندھ حکومت اصل نشانہ ہے، سعیدغنی

ویب ڈیسک  پير 14 جنوری 2019
حکومت چور دروازے سے سندھ حکومت گرانا چاہتی ہے، وزیربلدیات سندھ۔ فوٹو : فائل

حکومت چور دروازے سے سندھ حکومت گرانا چاہتی ہے، وزیربلدیات سندھ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: وزیر بلدیات سندھ سعیدغنی کا کہنا ہے کہ یہ علیمہ خان سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں جب کہ جے آئی ٹی صرف بہانہ ہے اور سندھ حکومت اصل نشانہ ہے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ سعیدغنی کا کہنا تھا کہ نیب کو سیاسی ٹول کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا، جب سے نیب بنی ہے ملک میں کرپشن کم نہیں بڑھ گئی ہے، سیاسی انتقامی کارروائیوں کیلئے نیب کو استعمال کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے کہا جی آئی ٹی نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا، حکومت نے جو 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے، کیا ایسا کرنے کے لیے کمیٹی نے کہا تھا، جے آئی ٹی صرف بہانہ ہے سندھ حکومت اصل نشانہ ہے۔

وزیربلدیات سندھ سعیدغنی نے کہا کہ سندھ میں واحد حکومت پیپلزپارٹی کی ہے جو اپنے ووٹوں پر ہے باقی سب مانگے تانگے کی حکومتیں ہیں، حکومت چور دروازے سے سندھ حکومت گرانا چاہتی ہے، وہ کوشش کرکے دیکھ لیں ہم تیار ہیں، پی ٹی آئی کو اپنی حکومت کی فکر ہونی چاہیے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ یہ بھڑکیں مار کر ملک میں سنسنی پیدا کرناچاہتے ہیں، علیمہ کی آمدنی جائز ہے تو چھپانے کی کیا ضرورت تھی، یہ علیمہ خان سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں، اندازہ ہے کہ علیمہ خان کی مزید جائیدادیں سامنے آئیں گی۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔