مالی سال 2012-13: براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 76 فیصد کا نمایاں اضافہ

بزنس رپورٹر  منگل 16 جولائی 2013
پورٹ فولیو سرمایہ کاری 299 فیصد بڑھی، مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری 122 فیصد اضافے سے 1.571 ارب ڈالر رہی، برطانیہ 63.2 کروڑ انویسٹمنٹ کے ساتھ سرفہرست۔  فوٹو: فائل

پورٹ فولیو سرمایہ کاری 299 فیصد بڑھی، مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری 122 فیصد اضافے سے 1.571 ارب ڈالر رہی، برطانیہ 63.2 کروڑ انویسٹمنٹ کے ساتھ سرفہرست۔ فوٹو: فائل

کراچی:  پاکستان میں مالی سال 2012-13 کے دوران مجموعی طور پر غیرملکی سرمایہ کاری میں 122 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے گزشتہ روز جاری اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2012 سے جون 2013 کے دوران ملک میں 1.571 ارب ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی جو مالی سال 2011-12میں کی جانے والی 70 کروڑ 78 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری سے 86 کروڑ 37 لاکھ ڈالر (122 فیصد) زائد ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2012-13 کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 76.4 فیصد اضافے سے 1.447 ارب ڈالر رہی جبکہ مالی سال 2011-12 میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 82 کروڑ 6 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

گزشتہ مالی سال کے دوران ملک میں فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ (ایف ڈی آئی) کے انفلوز 2.653 ارب ڈالر جبکہ آؤٹ فلوز 1.205 ارب ڈالر رہے، اس طرح نیٹ ایف ڈی آئی کی مالیت 1 ارب 44 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہی۔

پورٹ فولیو سرمایہ کاری 299 فیصد اضافے سے 11 کروڑ 95 لاکھ ڈالر رہی، اس طرح مجموری فارن پرائیوٹ انویسٹمنٹ بشمول ایف ڈی آئی اور پورٹ فولیو سرمایہ کاری 106 فیصد اضافے سے 1 ارب 56 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہی۔ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2012-13 کے دوران سب سے زیادہ براہ راست سرمایہ کاری برطانیہ سے کی گئی جس کی مالیت 63 کروڑ 23 لاکھ ڈالر رہی۔

ہانگ کانگ 24 کروڑ 26 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری سے دوسرے نمبر پر رہا، امریکا 22 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے ساتھ تیسرا سب سے بڑا سرمایہ کار رہا، سوئٹزرلینڈ نے 14 کروڑ 90 لاکھ ڈالر، اٹلی نے 19 کروڑ 94 لاکھ ڈالر، چین نے 9کروڑ 70 لاکھ ڈالر، فلپائن نے 9 کروڑ 36 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی جبکہ ناروے کی سرمایہ کاری منفی 25 کروڑ 80 لاکھ ڈالر اور نیدرلینڈ کی منفی 11 کروڑ 84 لاکھ ڈالر رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔