کھجور کی تھوک قیمت 50 فیصد گرگئی، ریٹیلر نے نرخ کم نہیں کیے

بزنس رپورٹر  منگل 16 جولائی 2013
خوردہ سطح پر کھجور بدستور 200 سے 250 روپے کلو فروخت کی جا رہی ہے، تھوک قیمتوں میں مزید کمی ہوگی، تاجر   فوٹو: پی پی آئی /فائل

خوردہ سطح پر کھجور بدستور 200 سے 250 روپے کلو فروخت کی جا رہی ہے، تھوک قیمتوں میں مزید کمی ہوگی، تاجر فوٹو: پی پی آئی /فائل

کراچی:  کھجور کے تاجروں کو اس سال بھاری نقصان کا سامنا ہے، تھوک سطح پر کھجور کی قیمت 50 فیصد تک کم ہوچکی ہے تاہم خوردہ سطح پر بدستور مہنگے داموں فروخت جاری ہے۔ 

گزشتہ روز کمشنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں شریک کھجور مارکیٹ ایسوسی ایشن کے عہدے داروں نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ اس سال پورے ملک میں کھجور کا کاروبار شدید مندی کاشکار ہے، کراچی کی مارکیٹ سب سے بڑی مارکیٹ ہے تاہم گاہک نہ ہونے کی وجہ سے کاروبار ماند پڑا ہے۔ تاجروں کے مطابق گزشتہ سال سکھر کی فصل رمضان کے دوسرے ہفتے میں آئی تھی اور پیداوار کا بڑا حصہ فروخت ہونے سے رہ گیا تھا جسے سرد خانوں میں رکھ دیا گیا۔

پرانی فصل کی کھجور اس سال مارکیٹ میں لائی گئی تاہم وافر مقدار میں ایرانی کھجور کی آمد کی وجہ سے مارکیٹ گرگئی اور گراوٹ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ تاجروں کے مطابق ایرانی کھجور جس کی قیمت رمضان کی آمد سے قبل 6500 سے 6600 روپے فی من تھی اب کم ہوکر 4800 روپے فی من کی سطح پر آگئی ہے، سکھر کی کھجور4800 سے کم ہوکر 3600 روپے کی سطح پر آگئی ہے تاہم خوردہ سطح پر کھجور بدستور 200 سے 250 روپے کلو قیمت پر فروخت کی جارہی ہے۔ تاجروں کے مطابق قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ مزید کمی واقع ہو گی۔

تاجروں کے مطابق اب کھجور کے سیزن کا تمام تر دارومدار عمرہ زائرین پر ہے جو واپسی پر تحفے کیلیے کھجور خریدتے ہیں، اس سال 1 لاکھ 20 ہزار سے زائد زائرین رمضان میں عمرے کی سعادت حاصل کریں گے جن کیلیے زیادہ تر کھجور کراچی کی مارکیٹ سے ہی خریدی جائیگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔