ملائیشیا کو پاکستانی ورکرز کی فراہمی بڑھانے کیلیے رابطے تیز

اے پی پی  منگل 16 جولائ 2013
ہائی کمشنرکی ملائیشین حکام سے ملاقات، میگا پراجیکٹس میں پاکستانی ورکرزکے استعمال پر گفتگو۔   فوٹو: فائل

ہائی کمشنرکی ملائیشین حکام سے ملاقات، میگا پراجیکٹس میں پاکستانی ورکرزکے استعمال پر گفتگو۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: ملائیشیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر شاہد کیانی نے ملائیشیا میں جاری اور آئندہ میگا ترقیاتی منصوبوں میں پاکستانی افرادی قوت کی کھپت کو بڑھانے کے لیے متعلقہ ملائیشین حکام سے رابطے تیز کر دیے ہیں۔

اس ضمن میں انہوں نے گزشتہ روز کمیونٹی ویلفیئر کونسلر اظہر ہاشمی کے ہمراہ پتراجایا میں قائم وزارت برائے انسانی وسائل ملائیشیا کا دورہ کیا اور وہاں پر وزارت کے سیکریٹری جنرل داتو سری ذین الرحیم بن ثمن اور دیگر حکام سے ملاقات کی اور ان سے مستقبل قریب میں شروع ہونے والے میگا ترقیاتی منصوبوں میں پاکستان کی افرادی قوت کی کھپت کو یقینی بنانے کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی ہائی کمشنر شاہد کیانی نے کہا کہ پاکستان کے پاس کافی تعداد میں ہنر مند افرادی قوت موجود ہے جبکہ لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی ہنر مند خلیجی ممالک میں کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملائیشیا میں بھی 60 ہزار سے زائد پاکستانی ہنر مند مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ان میں سے 3 ہزار سے زائد افراد اعلیٰ پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور معیشت کے تمام شعبوں میں کلیدی عہدوں پر کام کر رہے ہیں۔ سیکریٹری جنرل داتو سری ذین الرحیم بن ثمن نے ملائیشیا کی ترقی میں پاکستانی افرادی قوت کے کردار کو سراہا اور ان کی محنت، کام سے لگن اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔