حکومتی پالیسیوں کے خلاف من گھڑت پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  پير 14 جنوری 2019
نظام میں اصلاحات کا عمل بغیر رکاوٹ اور دباؤ جاری رہے گا، وزیراعظم عمران خان فوٹو:فائل

نظام میں اصلاحات کا عمل بغیر رکاوٹ اور دباؤ جاری رہے گا، وزیراعظم عمران خان فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کے خلاف من گھڑت پروپیگنڈا کیا جارہا ہے تاہم نظام میں اصلاحات کا عمل بغیر رکاوٹ اور دباؤ جاری رہے گا۔

وزیراعظم عمران خان سے وزارت اطلاعات کے مختلف محکموں کے سربراہان نے ملاقات کی جس میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری، معاونین خصوصی افتخار درانی اور یوسف بیگ مرزا نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک کی حالت زار بدلنے کے لیے اپنے منشور کے مطابق اسٹرکچرل ریفارمز (ڈھانچہ جاتی اصلاحات) پر عمل پیرا ہے، ہماری کوششوں کا مقصد ذاتی مفادات کا حصول نہیں بلکہ ملک اور عوام کی بہتری ہے، قوموں کی زندگی میں اسٹرکچرل ریفارمز ہمیشہ تکلیف دہ مرحلہ ہوتے ہیں لیکن اس کے بعد اچھا اور خوشحال دور شروع ہوگا۔

عمران خان نے کہا کہ میڈیا سے متعلق حکومتی پالیسیوں کے بارے میں جان بوجھ کر من گھڑت پروپیگنڈا ہورہا ہے جس کے محرکات سے بخوبی آگاہ ہیں، میڈیا کے ساتھ مل کر اس مذموم ایجنڈے کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے، کوئی مہذب اور ذمہ دار معاشرہ بے بنیاد اور من گھڑت خبروں کی تشہیر کی اجازت نہیں دیتا، بے بنیاد خبروں کی حوصلہ شکنی کے مشترکہ مشن میں میڈیا کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اصلاحات کا عمل بغیر رکاوٹ اور بغیر دباؤ جاری رہے گا، اس عمل میں گھبرانے کی ضرورت نہیں، کوئی حکومت میں ہو یا حکومت سے باہر ریاست سب کی ہے، ریاست کے مفادات کا ہر صورت خیال رکھا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔