عدالتوں میں ہفتے کی چھٹی،قیدی ضمانت جمع نہ کراسکے

ارشد بیگ  جمعرات 23 اگست 2012
ہفتے کو چھٹی کے باعث درجنوں قیدی ضمانت جمع نہ کراسکے اور عید جیل میں گزاری۔ فوٹو:فائل

ہفتے کو چھٹی کے باعث درجنوں قیدی ضمانت جمع نہ کراسکے اور عید جیل میں گزاری۔ فوٹو:فائل

کراچی: ماتحت عدالتوں میں ہفتے کی چھٹی کے باعث درجنوں قیدی رہا ہونے سے محروم ہوگئے ، تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس سپریم کورٹ نے تمام عدالتوں میں ہفتہ کوتمام عدالتوں میں چھٹی کو نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے باعث ماتحت عدالتوں میں چھٹی تھی ،ہفتے کو چھٹی کے باعث درجنوں قیدی ضمانت جمع نہ کراسکے اور عید جیل میں گزاری۔

قبل ازیں پانچوں اضلاع کے سیشن ججز کی ہدایت پر جوڈیشل مجسٹریٹس کو کراچی کی تمام جیلوں کا دورہ کرنے کی ہدایت کی تھی اور عید کے موقع پر معمولی نوعیت کے مقدمات میں پابند سلاسل قیدیوں کے مقدمات فوری عدالتی کارروائی کے بعد نمٹانے کی ہدایت کی تھی ،سیشن ججز کی ہدایت پر جوڈیشل مجسٹریٹ غربی محمد افضل روشن ، جنوبی حاتم عزیزسمیت دیگر مجسٹریٹس نے جیلوں کا دورہ کیا تھا ،غربی کے مجسٹریٹ نے 9ملزمان کی ضمانت منظور کی تھی جبکہ70ملزمان نے جرم قبول کیا تھا جنھیں فوری رہا کردیا تھا جبکہ ایک ملزم نے ضمانت جمع کرائی تھی دیگر جمعہ کو وقت کی کمی کے باعث زرضمانت جمع نہ کراسکے۔

وہ ہفتہ کو ضمانت جمع کرانے آئے تھے لیکن عدالتوں میں چھٹی کے باعث انھیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی محترمہ اشرف جہاں نے دو مجسٹریٹ شاہد علی اور سہیل جتوئی کے ہمراہ جیلوں کا دورہ کیا تھا اس موقع پر انھوں نے 32سے زائد قیدیوں کی ضمانت اور جرم قبول کرنے پر رہائی کا حکم دیا تھا ،سیشن جج جنوبی حسن فیروزاور جوڈیشل مجسٹریٹ حاتم عزیز نے 5 ججز کے ہمراہ جیلوں کا دورہ کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔